’حوثیوں کے حملے جنگی جرائم‘: سعودی عرب کے ساتھ عرب ملکوں کا اظہار یکجہتی
اتوار 18 اکتوبر 2026 18:08
عرب ملکوں کے سفیروں نے ریاض میں سعودی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے کہا ہے کہ ’مملکت میں شہری و اقتصادی تنصیبات اور ایئرپورٹس پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حوثی دہشتگرد ملیشیا کے حملے مکمل طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔‘
ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ سے اتوار کو ریاض میں وزارتِ کے ہیڈ کوارٹر میں عرب ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی۔
اس موقع پرانجینیئر ولید الخریجی کہا ’حوثی ملیشیا نے دانستہ طور پر مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور عمرہ زائرین کو ہدف بنا کر اخلاقی و مذہبی اقدار سے تجاوز کیا۔ دہشت گرد ملیشیا کا مقابلہ کرنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری بن گئی ہے۔‘
سعودی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا ’سعودی عرب کی اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے واضح کیا ’مملکت اپنے شہریوں، یہاں مقیم غیرملکیوں اور زائرین کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی۔ اپنی سرزمین کے دفاع اور حملہ آوروں کو روکنے کے لیے تمام تر جائز اقدامات کرے گی۔‘
انہوں نے یمن کے عوام اور ان کی قانونی حکومت کےلیے مملکت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب حوثی دہشتگرد ملیشیا کے حملوں کا مقابلہ کرنے میں یمنی عوام اور حکومت کی مدد جاری رکھے گا۔‘

عرب ممالک کے سفراء نے سعودی عرب اور اس کی شہری تنصیبات، اہم بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔
عرب سفیروں نے اپنے ملکوں کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حملوں کا مقابلہ کرنے، مملکت کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کےلیے سعودی عرب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
