موسم برسات: سعودی ہلال احمر نے مکہ ریجن میں 166 ایمبولینس ٹیمیں تعینات کر دیں
منگل 20 اکتوبر 2026 20:48
جدہ میں 69، مکہ میں 60 اور طائف میں 37 ٹیمیں تعینات ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے موسم برسات کے پیش نظر میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسپانس کو یقینی بنانے کے لیے مکہ ریجن میں 166 ایمبولینس ٹیموں کو سٹینڈ بائی تعینات کیا ہے۔
جدہ میں 69، مکہ میں 60 اور طائف میں 37 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جنہیں چھ خصوصی گاڑیوں کی معاونت بھی حاصل ہے تاکہ خدمات کے دائرے کو وسیع اور ریسپانس ٹائم کو کم کیا جا سکے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے اس کی تیاریوں میں نیشنل سینٹر فار میٹرلوجی کی جانب سے موسمی پیشگوئی، تازہ ترین صورتحال کی نگرانی، موجودہ صورتحال اور ان علاقوں کی نشاندہی کے بعد ایمبولینس ٹیموں کی تعیناتی شامل ہے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ تیاریاں ان آپریشنل منصوبوں کا حصہ ہیں جس کا مقصد ہر قسم کے موسمی حالات میں ہنگامی طبی خدمات کو برقرار رکھنا ہے۔
ان تیاریوں میں ایمبولینس عملے کی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانا اور دیگر اداروں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا شامل ہے تاکہ فوری ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ ایمبولینس عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ دیں۔ طبی ہنگامی صورتحال کی اطلاع 977 پر کال کرکے یا سرکاری موبائل ایپ اسفنی کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔
اطلاع دینے والوں کو چاہیے کہ وہ درست لوکیشن سے بھی آگاہ کریں تاکہ ایمبولینس عملہ جلد از جلد مریضوں تک پہنچ کر طبی امداد فراہم کر سکے۔
