Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر میں ’الوسم‘ سیزن کا آغاز: پہاڑی علاقوں میں خنکی اور تھامہ میں گرم موسم

عسیر میں یہ سیزن عام طور پر 52 دن تک جاری رہتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
عسیر ریجن میں جمعے سے ’الوسم‘ سیزن کا آغاز ہو رہا ہے۔ پہاڑی چوٹیوں پر اب راتیں سرد اور لمبی ہونے لگی ہیں جبکہ تھامہ کے میدانی علاقوں میں معمول کے مطابق گرمی برقرار ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ان متنوع خصوصیات کے باعث موسم خزاں کا رنگ پہاڑی علاقوں اور ساحلی میدانوں میں مختلف ہوگا یہ صورتحال سیاحوں کو فطرت کے نظاروں سے لطف ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
 یہ سیزن عام طور پر 52 دن تک جاری رہتا ہے۔ ’وسم‘ کا نام  تاریخی حوالے سے اس موسم میں ہونے والی بارشوں سے جڑا ہے۔ زمین اپنے نباتی خزانے اگلنے لگتی ہے پودے اور جنگلی جڑی بوٹیاں تیزی سے پھلتی پھولتی ہیں اور ہر طرف سبزے کی کثرت دکھائی دیتی ہے۔
 یہ موسم اہل عسیر کے لیے زرعی اور ثقافتی حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔
عسیر ریجن کے بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد ہو جاتا ہے جہاں کم بلندی پر تیرتے بادل اور گہری دھند قدرتی مناظر کی دلکشی کو مزید نکھارتے ہیں۔ فلک بوس چوٹیاں اور گہری وادیاں بادلوں کی آغوش میں چھپ جاتی ہیں جس سے ایسے دلکش مناظر تخلیق ہوتے ہیں جو فطرت کے دلدادہ افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

عسیر کا موسم خزاں ٹھنڈی پہاڑی چوٹیوں اور تھامہ کے گرم نشیبی علاقوں کے ساتھ ایسا ماحولیاتی تنوع پیش کرتا ہے جو خطے کے تجربے کو مزید خوشگوار بنانے کے ساتھ اس کے قدرتی اثاثوں کو اجاگر کرتا ہے۔
یہاں پہاڑ، دیہات، سیڑھی دار کھیت اور میدان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے موجود ہیں جو اس سیزن کو خطے کے سیاحتی اور ماحولیاتی منظر نامے میں ایک منفرد پہچان دیتے ہیں۔
 ’وسم کا موسم‘ چار فلکی منازل (پڑاؤ) پر مشتمل ہے جو مجموعی طور پر 52 دن کا ہوتا ہے۔ ہر موسم 13 دن کا ہوتا ہے جنہیں العواء، السماک‘ الغفر اور الزبانا‘ کہا جاتا ہے۔

 عسیر کے زرعی کیلنڈر کے ماہر انجینیئر حامد الوادی نے بتایا کہ ’وسم‘ فلکی اعتبار سے رواں ماہ اکتوبر کی 16 تاریخ سے شروع ہوگا اور 52 دن تک جاری رہے گا۔
 موسم کے آغاز کی نمایاں ماحولیاتی علامات میں علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں پرندوں کو گزرتے دیکھا جا سکے گا۔

اس دوران سدر کے شہد کی پیداوار کا بھی آغاز ہوتا ہے۔ موسم تیزی سے سردی کی جانب مائل ہونے لگتا ہے۔
اس موسم میں دن کے وقت عام طور پر ہوا معتدل رہتی ہے اور بارش برسانے والے بادلوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث یہ زرعی سرگرمیوں اور سیاحتی تفریح کے لیے موزوں سیزن بن جاتا ہے۔

 

شیئر: