Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئر اور السعودیہ کا پاکستان کے لیے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان

ریاض ایئر بدھ 21 اور جمعرات 22 اکتوبر کو اضافی پرواز چلائے گی ( فائل فوٹو)
 ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش کے بعد سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ اور ریاض ایئر نے پھنسے ہوئے مسافروں کی سفری سہولت کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے اضافی پروازوں کا اعلان کیا ہے۔
ریاض ایئر بدھ 21 اکتوبر کو جدہ، لاہور اور جدہ، اسلام آباد جبکہ جمعرات 22 اکتوبر کو جدہ لاہور کے لیے اضافی پرواز چلائے گی۔
السعودیہ نے دو اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا۔ پہلی پرواز بدھ 21 اکتوبر کو روانہ ہوگی جبکہ دوسری پرواز کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہ پروازیں پشاور اور اسلام آباد کے لیے چلائی جا رہی ہیں۔
 ریاض ایئر کا کہنا ہے یہ سہولت اُن مسافروں کے لیے دستیاب ہے جن کی پروازیں جاری فضائی سفری تعطل کے باعث منسوخ کر دی گئی ہیں۔
 دیگر ایئرلائنز کے ٹکٹ رکھنے والے وہ مسافر بھی ان پروازوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو اس تعطل سے متاثر ہوئے ہیں تاہم یہ سہولت نشستوں کی دستیابی سے مشروط ہے۔
ریاض ایئر کے مطابق چونکہ نشستیں محدود ہیں اس لیے دلچسپی رکھنے والے مسافر مزید معلومات اور بکنگ کے انتظامات کے لیے ریاض ایئر کی سرکاری ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔

 قونصل جنرل مصطفی ربانی نے اردو نیوز کو بتایا ’جدہ قونصلیٹ ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے بعد سے پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کو ہر ممکن مدد اور رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’قونصلیٹ اور سفارتخانے کی کوششوں سے السعودیہ نے ریاض میں پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کو بذریعہ سڑک جدہ منتقل کرکے ان کی رہائش اور خوراک کا انتظام کیا۔‘
’جیسے جیسے نشستیں دستیاب ہوئیں مسافروں کی روانگی کو یقینی بنایا گیا۔ اب السعودیہ دو اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستانی مسافر کسی بھی مدد اور رہنمائی کے لیے قونصلیٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے قونصلیٹ کی درخواست پر اضافی پروازیں چلانے کے اعلان پر ایئرلائنز کی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

شیئر: