وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دفاعی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ آفس کی جانب جاری کرد ہ بیان کے مطابق مریم نواز شریف نے سعودی سفیر کا پُرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے پاکستان کی اقتصادی اور مالی معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین اور سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں منفرد اور محترم مقام رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق سعودی قیادت اور نواز شریف کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی اعتماد کی روشن مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اگست 2026 میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کی شدید مذمت کی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
بیان کے مطابق مریم نواز شریف نے کہا کہ مشترکہ اقتصادی طاقت مشترکہ سلامتی کی ضامن ہے اور پنجاب سعودی عرب کے لیے حلال خوراک کا قابلِ اعتماد فراہم کنندہ بن سکتا ہے۔ اس سلسلے میں لائیو اسٹاک، بیف، پولٹری، آم، کینو، آلو اور جھینگوں سمیت زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے امکانات زیرِ غور آئے۔ فریقین نے ان شعبوں میں برآمدات کے لیے 500 ارب روپے سے زیادہ کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ریاض میں ایک روڈ شو منعقد کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے سعودی شہریوں کو پنجاب کے سیاحتی مقامات کی سیر کی دعوت دی۔ سعودی سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے دونوں ممالک اور عوام کے گہرے برادرانہ و تزویراتی تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے پنجاب کے تاریخی ورثے، مغلیہ یادگاروں، زندہ روایات اور لاہور کی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔












