مدینہ ریجن اور دیگر علاقوں میں داغے جانے والے حوثیوں کے چھ ڈرونز تباہ
عرب اتحاد کی جانب سے ڈرونز کو تباہ کرنے کی تصدیق کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے بدھ کو حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف بھیجے جانے والے کئی ڈرونز کو تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا مدینہ، الشرقیہ ریجن اور جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے چھ ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے بیان میں کہا تھا کہ حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کر دیا۔ اس لانچ پلیٹ فارم سے منگل کو سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔
عرب اتحاد نے لانچ پلیٹ فارم کو ٹریک کرنے اور اسے نشانہ بنانے کی فوٹیج جاری کی جس میں لانچ پلیٹ فارم کو تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے عرب اتحاد نے منگل کو حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرون کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’حوثیوں کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔‘
سعودی سول ڈیفنس نے ریاض میں ممکنہ فضائی خطرے کا الرٹ جاری کیا بعد میں اسے واپس لے لیا۔
