مکہ ریجن: الخضرا گاؤں جہاں طلوع آفتاب کی سنہری کرنیں نرم ریت پر بکھرتی ہیں
جمعرات 22 اکتوبر 2026 7:02
یہاں موجود دوم کے درخت علاقے کے حسن میں مزید اضافہ کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
جیسے ہی سورج طلوع ہوتا ہے اس کی پہلی کرنیں مکہ مکرمہ ریجن کی اللیث کمشنری کے شمال میں واقع الخضرا گاؤں کے وسیع ریتیلے میدان کو روشن کرتی ہیں۔ طلوع آفتاب کی سنہری کرنیں نرم ریت پر بکھری دکھائی دیتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق صبح کی پہلی کرن کے نمودار ہوتے ہی حد نگاہ تک پھیلا ریتیلا میدان اپنی وسعت کو عیاں کرنا شروع کرتا ہے۔ افق پر ہلکی سرخی، سنہری زردی اور صاف نیلے آسمان کے رنگ ایک خوبصورت منظر تشکیل دیتے ہیں۔
میدان کے مختلف حصو ں میں موجد ’دوم‘ کے درخت علاقے کے حسن میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ ان درختوں کے سبز پتوں اور سنہری ریت کا امتزاج ایک منفرد منظر پیدا کرتا ہے جبکہ سورج بلند ہونے کے ساتھ درختوں کے سائے ریت پر پھیل کر صحرائی ماحول کے قدرتی تنوع کو اجاگر کرتے ہیں۔
خزاں کے معتدل موسم میں الخضرا کے میدانوں کی خوبصورتی مزید نمایاں ہو جاتی ہے۔ خصوصا صبح کے ابتدائی اوقات میں جب صاف افق، پرسکون ماحول اور ہلکی ٹھنڈی ہوائیں یہاں آنے والوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں منفرد تجربے سے روشناس کراتی ہیں۔

الخضرا گاؤں کے وسیع ریتلے میدان، مختلف نباتاتی مقامات اور صحرائی مناظر اللیث کمشنری کے قدرتی وسائل کا اہم حصہ ہیں۔
یہ علاقے ماحولیاتی سیاحت کے فروغ اور صحرائی نباتات و قدرتی حیات کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے بھی وسیع امکانات کے حامل ہیں۔

الخضرا کے میدان ہر صبح طلوع آفتاب کے ساتھ ایک نیا منظر پیش کرتے ہیں۔ ریت پر بکھرتی سنہری روشنی اور وسیع و عریض صحرا میں کھڑے دوم کے درخت شمالی اللیث کمشنری کی ان خاموش وادیوں میں قدرت کے پرسکون حسن کی ایک خوبصورت داستان رقم کرتے ہیں۔
