Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ناقابلِ فراموش نظارے‘: صحرا میں جنت کہلانے والی سعودی عرب کی وادی لجب

جیزان شہر کے شمال مشرق میں واقع وادی لجب کو اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث ’صحرا میں جنت‘ کہا جاتا ہے۔
یہاں تک رسائی جبل القہر کے مشرقی جانب واقع ایک درے سے ہوتی ہے۔ تقریباً تین کلومیٹر کے بعد یہ راستہ بتدریج چوڑا ہو کر 30 میٹر تک پھیل جاتا ہے جہاں دو بلند و بالا چٹانی چوٹیوں کے درمیان وادی لجب اپنی دلکش خوبصورتی کے ساتھ نمودار ہوتی ہے۔
وادی کے داخلی راستے پر پہنچتے ہی سیاحوں کا استقبال ایک گھنے اور سرسبز علاقے سے ہوتا ہے جہاں بہتے چشمے، چھوٹے آبشار اور میٹھے پانی کے تالاب موجود ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق وادی میں جگہ جگہ کھجور کے درخت نظر آتے ہیں، جبکہ یہاں دستیاب میٹھا پانی سعودی عرب کی دیگر وادیوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔
مہم جو افراد کے لیے یہ علاقہ کئی سرگرمیوں کا موقع فراہم کرتا ہے جن میں چٹانوں پر چڑھنا، پیدل سفر اور مچھلی پکڑنا شامل ہیں۔
یہاں موجود غاریں اور نوکیلی پہاڑی چوٹیاں دریافت کے منتظر ہیں جبکہ سیاح اردگرد کے دلکش قدرتی مناظر کے ناقابلِ فراموش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

محققین کا ماننا ہے کہ یہ مقام جزیرۂ نمائے عرب کے قدیم ترین باشندوں میں سے بعض کا مسکن رہا ہے، جبکہ ایک روایت کے مطابق مشہور داستان ’لیلیٰ مجنوں‘ کے کردار مجنوں جو ساتویں صدی کے ایک بدوی شاعر کی کہانی ہے، کا تعلق وادی لجب سے تھا۔
یہ وادی جیزان سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے اور سطح سمندر سے دو ہزار میٹر کی بلندی پر ہے۔

شیئر: