Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشہور آن لائن گیم ’سٹک رن‘ کے بانی مینوئل اوٹو نے لائیو سٹریم کے دوران خودکشی کر لی

مینوئل اوٹو سنہ 1996 میں جرمنی میں پیدا ہوئے تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
جرمنی سے تعلق رکھنے والے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور مقبول آن لائن گیم ’سٹک رن‘ کے بانی مارک مینوئل الیگزینڈر اوٹو المعروف مینوئل اوٹو 30 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
بدھ کو گیم کی انتظامیہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ’ایک لائیو سٹریم کے بارے میں علم ہے، جس میں بظاہر مینوئل اوٹو نے اپنی زندگی کا خود خاتمہ کیا۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی کی جنوب مشرقی ریاست باویریا میں ایک عمارت میں آگ لگنے کے بعد مینوئل اوٹو کی لاش ملی تاہم یہ خبر بھی سامنے آئی ہے ایک پڑوسی نے آگ دیکھ کر اسے بجھانے کی کوشش بھی کی تھی۔
’سٹک رن‘ کی انتظامیہ نے فیس بک پر جاری بیان میں مینوئل اوٹو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’وہ نہ صرف گیم کے تخلیق کار اور ڈیولپر تھے بلکہ اس کمیونٹی کا بھی حصہ تھے، جس کی زندگیوں میں ان کے کام نے اہم جگہ بنائی۔ ان کی تخلیق کی یادیں اور گیم کھیلنے والوں کے تجربات ان کی لیگیسی کو زندہ رکھیں گے۔‘
دوسری جانب لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ’ٹوئچ‘ نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’مینوئل اوٹو کا چینل اور ان کی موت کی ویڈیو فوری طور پر ہٹا دی گئی ہے۔‘
’ٹوئچ‘ کے ترجمان کے مطابق ’یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے اور پلیٹ فارم اپنی کمیونٹی کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کو بہت اہمیت دیتا ہے۔‘ ترجمان نے مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کو مدد حاصل کرنے کی ترغیب بھی دی۔

مینوئل اوٹو کون تھے؟

مینوئل اوٹو سنہ 1996 میں جرمنی میں پیدا ہوئے۔ وہ محض 14 برس کے تھے جب انہوں نے 2010 میں فیس بک کے لیے مفت آن لائن گیم ’سٹک رن‘ تیار کی۔
یہ ایک ملٹی پلیئر گیم تھی، جس میں کھلاڑی ایک چھوٹے سے سٹک فیگر کردار کو مختلف رکاوٹوں سے بھرے راستے پر دوڑاتے، سکے جمع کرتے اور پوائنٹس حاصل کرتے تھے۔

سنہ 2013 میں ایک انٹرویو کے دوران اوٹو نے بتایا تھا کہ ’بچپن میں مجھے اینیمیٹڈ فلمیں دیکھنے اور کمپیوٹر پر چھوٹے خاکے بنانے کا شوق تھا۔ پھر بعد میں مجھے احساس ہوا کہ میں خود بھی ایک ویڈیو گیم تیار کر سکتا ہوں۔‘
اس وقت ’سٹک رن‘ کو فیس بک پر فارم وِل جیسی مقبول گیمز کے ساتھ مقابلے کا سامنا تھا۔ تاہم یہ گیم دنیا بھر میں مقبول ہوئی اور کمپیوٹرز کے علاوہ موبائل فونز پر بھی کھیلی جانے لگی۔
مینوئل اوٹو کی تخلیق نے لاکھوں صارفین کو تفریح فراہم کی اور انہیں آن لائن گیمنگ کی دنیا میں ایک نمایاں شناخت دلائی۔ ان کے انتقال پر گیم کی انتظامیہ نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام کھلاڑیوں کی یادوں میں زندہ رہے گا۔

شیئر: