’میں نے اپنا سب کچھ بیچ دیا‘، 1200 میل سفر کے بعد برازیلی شہری کی محبوبہ اے آئی نکلی
’میں نے اپنا سب کچھ بیچ دیا‘، 1200 میل سفر کے بعد برازیلی شہری کی محبوبہ اے آئی نکلی
منگل 20 اکتوبر 2026 13:59
ایڈیمار مارٹنز نے بتایا کہ وہ 2020 میں سوشل میڈیا پر جیسیکا اولیویرا نامی خاتون کے اکاؤنٹ سے متعارف ہوئے تھے۔(فوٹو:نیویارک پوسٹ)
برازیلین شہری نے اپنی آن لائن محبوبہ سے ملنے کے لیے 1200 میل (تقریباً 1930 کلومیٹر) سے زیادہ کا سفر کیا، لیکن وہاں پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ وہ خاتون مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایک فرضی کردار ہے۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق 49 سالہ ایڈیمار مارٹنز نے بتایا کہ وہ 2020 میں سوشل میڈیا پر جیسیکا اولیویرا نامی خاتون کے اکاؤنٹ سے متعارف ہوئے تھے۔ انہیں کبھی شک نہیں ہوا کہ وہ کسی حقیقی خاتون کے بجائے اے آئی سے تیار کردہ کردار سے بات کر رہے ہیں۔
مارٹنز نے 9 اکتوبر کو اپنا تمام سامان فروخت کر دیا تاکہ بس کے ذریعے اپنی آبائی ریاست مارانیاؤ سے بیلو ہوریزونٹے جا سکیں، جہاں انہیں امید تھی کہ وہ اپنی محبوبہ سے ملیں گے۔
انہوں نے کہا، ’میں نے اپنا سب کچھ فروخت کر دیا، ہر چیز سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ایسی صورت حال میں انسان مایوس ہو جاتا ہے، کون نہیں ہوگا؟‘
11 اکتوبر کو بیلو ہوریزونٹے پہنچنے کے بعد مارٹنز نے خاتون کو تلاش کیا، لیکن وہ کہیں نہ ملیں۔ وہ ایک ریڈیو سٹیشن بھی گئے، جہاں انہیں بتایا گیا کہ یہ جعلی خبر ہے اور ایسی کوئی خاتون موجود نہیں۔
طویل سفر کے بعد ان کے پیسے بھی ختم ہو گئے، جس پر وہ شہر کے سٹی ہال پہنچے اور ایک سماجی کارکن کو اپنی کہانی سنائی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تنہائی سے تنگ آ چکے تھے اور اسی لیے محبت کی تلاش میں اتنی دور آئے تھے۔ بعد ازاں انہیں گھر واپس جانے کے لیے مدد فراہم کی گئی۔
مارٹنز نے کہا، ’اس سب سے صرف اداسی، مایوسی اور ڈپریشن ملتا ہے۔ بہت سے لوگ رشتے کی تلاش میں ہوتے ہیں، اسی لیے میں یہاں آیا تھا۔‘
نیویارک پوسٹ کے مطابق ٹک ٹاک اکاؤنٹ جیسیکا اولیویر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اے آئی سے تیار کردہ خاتون ایسے مرد کی تلاش میں تھی جسے وہ اپنے فارم پر رکھ کر اس کے تمام اخراجات اٹھا سکے۔ اس اکاؤنٹ کے تقریباً تین لاکھ 14 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں۔ یہ ویڈیو بعد میں حذف کر دی گئی۔
ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا، ’میں چاہتی ہوں کہ تم میرے فارم پر آ جاؤ اور زندگی میں دوبارہ کبھی کام نہ کرو۔‘(فوٹو:نیویارک پوسٹ)
ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا، ’میں واقعی تمہارا خرچ اٹھانا چاہتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ تم میرے فارم پر آ جاؤ اور زندگی میں دوبارہ کبھی کام نہ کرو۔‘
بعد ازاں بدھ کو پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اکاؤنٹ چلانے والے شخص نے تسلیم کیا کہ یہ خاتون اے آئی سے تیار کی گئی تھی، تاہم اس نے مارٹنز سے براہ راست رابطے کی تردید کی۔
ویڈیو میں کہا گیا، ’میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں مصنوعی ذہانت سے بنی ہوں۔ میں نے اس پروفائل کے ذریعے کبھی کسی سے بات نہیں کی۔ اس اکاؤنٹ کا مقصد لوگوں کی توجہ حاصل کرنا اور پھر اسے فروخت کرنا تھا۔‘
اکاؤنٹ چلانے والے شخص نے مزید کہا کہ اس نے کبھی کسی سے براہ راست بات نہیں کی اور نہ ہی کسی کو بیلو ہوریزونٹے آنے کے لیے کہا۔ اس کے مطابق، اسے بھی اس واقعے کے بارے میں جان کر حیرت ہوئی۔
مارٹنز اب اپنے ایک رشتہ دار کے گھر رہ رہے ہیں، لیکن انہوں نے محبت کی تلاش جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔(فوٹو:نیویارک پوسٹ)
مارٹنز اب اپنے ایک رشتہ دار کے گھر رہ رہے ہیں، لیکن انہوں نے محبت کی تلاش جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ بیلو ہوریزونٹے جائیں گے اور کسی ایسی خاتون کو تلاش کریں گے جس کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا، ’مجھے وہ نہیں ملی، لیکن میں کسی اور کو تلاش کر لوں گا۔ میں دوبارہ اسی جگہ جاؤں گا اور پھر کوشش کروں گا۔‘