’ مملکت میں جائیداد خریدیں یا سرمایہ کاری کریں‘: لاہور میں سعودی، پاکستانی رئیل سٹیٹ ایگزیبیشن
جمعرات 22 اکتوبر 2026 20:04
نمائش کا مقصد مملکت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
صوبائی دارالحکومت لاہور میں ’سعودی، پاکستانی رئیل سٹیٹ ایگزیبیشن 2026 ‘ کا آغاز ہوا ہے جس کا مقصد مملکت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا، سعودی ڈویلپرز اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
’سعودی عرب میں جائیداد خریدیں یا سرمایہ کاری کریں‘ رکھا گیا ہے۔ کے عنوان سے جاری یہ نمائش 23 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس کا اہتمام سعودی، پاکستانی بزنس کونسل نے پاکستان میں سعودی سفارتخانے کے کمرشل سیکشن کے تعاون اور پاکستان انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے کیا ہے۔
سعودی وفد کی قیادت سعودی پاکستانی بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد کررہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی۔
شہزادہ منصور بن محمد نے کہا کہ نمائش سعودی کمپنیوں کو اپنی رئیل سٹیٹ مصنوعات پیش کرنے اور پاکستانی سرمایہ کاروں سے براہ راست رابطے کا موقع فراہم کرتی ہے جبکہ اس کا مقصد سعودی رئیل سٹیٹ سیکٹر میں غیرملکی سرمایہ لانا اور پاکستانی ڈویلپرز و کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دینا بھی ہے۔
انہوں نے بالخصوص مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس ایونٹ سے مملکت کے ریئل سٹیٹ کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا نمائش سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے تین روزہ نمائش کے دوران مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی امید کا اظہار کیا۔
نمائش میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور جدہ سمیت مختلف شہروں کے رہائشی اور سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے جارہے ہیں جہاں شرکا کو جائیداد کی خریداری اور سرمایہ کاری کے اختیارات، منصوبوں کی خصوصیات اور سعودی رئیل سٹیٹ شعبے سے متعلق قوانین و ضوابط سے آگاہ کیا جارہا ہے۔

نمائش میں 19 ادارے شریک ہیں جبکہ سعودی وفد 60 افراد پر مشتمل ہے۔ منتظمین کو توقع ہے نمائش کے تین دنوں میں تقریبا 5 ہزار افراد شرکت کریں گے۔
