چائنا انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فیئر: سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر
ٹریڈ فیئر میں سعودی عرب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے چائنا انٹرنیشنل انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فیئر میں بطور ’مہمان خصوصی‘ شرکت کی۔ مملکت میں معاشی تبدیلیوں اور ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ٹریڈ فیئر 8 سے 11 ستمبر تک ژیامن میں جاری رہی۔ وژن 2030 کے تحت سرمایہ کاری کے ماحول کے ساتھ سرمایہ کاروں کی سپورٹ کے لیے اقدامات اور دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا گیا۔
سعودی انویسٹمنٹ پروموشن اتھارٹی کے زیراہتمام پویلین میں وزارت سرمایہ کاری، توانائی، صنعت و معدنی وسائل اور وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کے ساتھ کلچرل ڈیویلپمنٹ فنڈ، ٹورازم ڈیویلپمنٹ فنڈ، سعودی آرامکو، اکوا پاور اور دیگر اداروں نے بھی شرکت کی۔
سعودی پویلین میں مملکت کے بدلتے ہوئے ریگولیٹری انفرا سٹرکچر، مسابقتی مراعات، جدید لاجسٹک نیٹ ورکس اور خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

پریزنٹیشنز کے دوران توانائی، کان کنی، پیٹرو کیمیکلز، جدید مینو فیکچرنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، سیاحت اور انفرا سٹرکچر میں شراکت داری کے مواقع کے بارے میں بتایا گیا۔
ٹریڈ فیئر کے دوران بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور سعودی وفود کے درمیان ملاقاتوں، ورکشاپس اور پینل سیشنز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ سرمایہ کاروں کے لیے سہولتیں، وژن 2030 کے تحت ترجیحی شعبوں اور ریجنل ہیڈ کوارٹرز پروگرام کے تحت مراعات کے بارے میں بتایا گیا۔

اس ایونٹ میں شرکت کا مقصد سعودی عرب اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانا، سرکای اور نجی شعبے کے تعاون اور شراکت کے مواقع کو بڑھانا ہے۔
انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فیئر میں بطور مہمان خصوصی شرکت سعودی عرب اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
