اماراتی وزیر لانا نسیبہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے لیے امیدوار نامزد
جمعرات 22 اکتوبر 2026 21:26
لانا نسیبہ اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ رہی ہیں ( فائل فوٹو)
متحدہ عرب امارات نے وزیر مملکت لانا نسیبہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے باضابطہ طور پر امیدوار نامزد کیا ہے۔
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے آئندہ سیکرٹری جنرل کے انتخاب اور تقرری کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور کو خط کے ذریعے نامزدگی کی ہے۔
وام کے مطابق اماراتی صدر نے اپنے خط میں اقوام متحدہ کے امور میں لانا نسیبہ کے وسیع تجربے، عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں ان کی بصیرت اور تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔
یاد رہے لانا نسیبہ 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ رہیں۔
اس دوران انہوں نے جنرل اسمبلی کی نائب صدر، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کے ایگزیکٹو بورڈ کی صدر اور جنرل اسمبلی کی فعالیت و سلامتی کونسل میں اصلاحات سے متعلق عمل کی شریک چیئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
امارات کی 2022-2023 کی سلامتی کونسل کی رکنیت کے دوران انہوں نے دو مرتبہ کونسل کی صدارت بھی کی۔
ان کے کام کا دائرہ امن و سلامتی، انسانی ہمدردی کی کارروائیوں، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سلامتی کے خطرات، خواتین کے امور اور کثیرالجہتی نظام میں اصلاحات تک پھیلا ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سیکرٹری جنرل کا تقرر سلامتی کونسل کی سفارش پر جنرل اسمبلی کرتی ہے۔ انتخابی عمل آئندہ ہفتوں میں جاری رہے گا۔ منتخب سیکرٹری جنرل جنوری 2027 سے عہدہ سنبھالیں گے۔
