Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب انسانی امداد میں پیش پیش‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شاہ سلمان مرکز کا دورہ کیا

 اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مرکز کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا کہنا ہے’سعودی عرب انسانی امداد میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے خاص کر ان مشکل حالات میں جن سے ہم گزر رہے ہیں، مملکت امداد کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ’شاہ سلمان امدادی مرکز سخاوت، لگن اور خدمات و کارکردگی کے حوالے سے ایک روشن مثال ہے  جو یمن، صومالیہ، شام اور دیگر کئی ملکوں کے متاثرین کی بروقت امداد کے لیے ہمیشہ پیش پیش ہے۔‘

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے نگران اعلی ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ سے ریاض میں ملاقات کی اور سعودی امدادی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا’ دورے کے دوران غیرمعمولی انسانی امدادی کاموں کی عملی تفصیلات سے آگاہی ہوئی جو سعودی عرب کی مثالی کاوش کی عکاس ہیں۔‘
انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا’ جب وہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین تھے اس وقت  شاہ سلمان مرکز کا مشاہدہ کیا تھا ، اس وقت سے مرکز اور اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے اداروں کے درمیان سٹریٹیجک تعاون ہے۔‘

 اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مرکز کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا جس کے تحت 109 ممالک میں 8 ارب ڈالر کے 3881 منصوبوں پر تیزی سے  کام جاری ہے جن میں صنعتی منصوبے، یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کا منصوبہ ’مسام‘ کے علاوہ جڑے ہوئے بچوں کو جدا کرنے کا طبی پروگرام شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شاہ سلمان مرکز میں مستقل بنیادوں پر موجود نمائش کا بھی مشاہدہ کیا جس کے ذریعے انہیں ان تمام امور کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے کا موقع بھی ملا جو مرکز کی جانب سے دنیا بھر کے لوگوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔

 

شیئر: