عرب ملکوں کی سعودی ایئرپورٹ اور آئل فیلڈ پر حوثیوں کے مہلک حملوں کی مذمت
جمعرات 22 اکتوبر 2026 21:53
ان حملوں میں چار افراد جان سے گئے جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں ( فوٹو: روئٹرز)
عرب ممالک اور رابطہ عالم اسلامی نے جمعرات کو دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور الشرقیہ ریجن میں شیبہ آئل فیلڈ پر حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔ ان حملوں میں چار افراد جان سے گئے جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، اردن اور مصر نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا۔ مملکت کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
بحرین کی وزارت خارجہ نے ان بڑھتے ہوئے حملوں کو روکنے اور اس کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھرانے کے لیے بین الاقوامی کارروائی پر زور دیا۔
وزارت نے دو ہفتے کے کم عرصے میں ایئرپورٹس اور توانائی کی تنصیبات پر ہونے والے چار حملوں کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ حملے سعودی عرب میں اہم انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنانے کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہیں۔
بحرین نے حالیہ کشیدگی میں اضافے کو عالمی توانائی کی سکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر عالمی ادارے کے چارٹر کے تحت کارروائی پر زور دیا۔
قطر نے خبردار کیا کہ دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ شہری ہوابازی اورعلاقائی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے اور کہا کہ سعودی عرب کی سکیورٹی جی سی سی کے رکن ملکوں کی مشترکہ سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ائیرپورٹ پر حملے کی مذمت کی اور اسے مملکت کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور اس کے استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔ اردن نے بھی شہریوں اور قومی انفرا سٹرکچر کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی سپورٹ کی۔
مصر نے شہری تنصیبات اور ایئرپورٹس کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی اور خبر دار کیا کہ اس طرح کے حملوں سے علاقائی کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے۔
قاہرہ نے سعودی عرب کی سلامتی کو عرب دنیا اور مصر کی قومی سلامتی کا لازمی جز قرار دیا۔
رابطہ عالم اسلامی نے ایئرپورٹ اور آئل فیلڈ پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا مذہبی اصولوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ایئرپورٹ اور تیل کی تنصیب پر الگ الگ حملوں میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جن میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔
شیبہ آئل فیلڈ میں سعودی آرامکو کی تنصیب کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو روک لیا گیا، تاہم اس کا ملبہ گرنے سے فلپائن اور نیپال سے تعلق رکھنے والے 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
جبکہ دمام کے کنگ فہد ایئرپورٹ پر حملے میں دو افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔
