عنیزہ فیسٹیول میں روزانہ 100 سے زائد اونٹوں کی نیلامی
ایونٹ اونٹ مالکان اور خریداروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے عنیزہ کمشنری میں منعقدہ اونٹوں کی نیلامی کے تیسرے ایڈیشن کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق آٹھ روزہ فیسٹیول میں اونٹوں کی نیلامی کے لیے عنیزہ میں 12 لاکھ مربع میٹر کے وسیع و عریض رقبے پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
گورنر قصیم نے فیسٹیول کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جن میں اونٹوں کی نیلامی کے مخصوص پنڈال، وزیٹرز کی آمدورفت کے لیے بنائے گئے راستے اور مختلف سٹالز وغیرہ شامل تھے۔
انہوں نے اونٹوں سے وابستہ قومی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مملکت کی تاریخ اور ثقافت میں اونٹ کی اہمیت ہے۔
ان کے مطابق اس نوعیت کی تقریبات روایتی ورثے کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا سعودی اعلٰی قیادت کی جانب سے اونٹوں کے شعبے کو خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اس شعبے سے وابستہ نیلامیوں اور روایتی ایونٹس کو مزید منظم بنانے کے ساتھ قصیم ریجن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

دورے کے اختتام پر گورنر قصیم نے ایونٹ کے انعقاد میں معاونت کرنے والے اداروں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
اونٹوں کی نیلامی کے تیسرے ایڈیشن میں بھر پور تجارتی سرگرمیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ ہر روز 100 سے زائد اونٹوں کی نیلامی ہوتی ہے۔ یہ ایونٹ اونٹ مالکان، خریداروں اور اس شعبے سے وابستہ افراد کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اس ایونٹ کے معاشی اثرات صرف اونٹوں کی خرید و فروخت تک محدود نہیں بلکہ اس سے روایتی مصنوعات، مقامی دستکاریوں اور گھریلو صنعت کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔
یہ تمام عوامل عنیزہ میں تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
