پاکستان کی سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی شدید مذمت
بیان کے مطابق پاکستان مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی اور مکہ اتحاد سے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتا ہے (فوٹو: سعودی سول ڈیفنس)
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان 24 اکتوبر کو حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں بشمول مقدس مقامات کے قرب و جوار کو نشانہ بناتے ہوئے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
پیر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ قابلِ مذمت حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تقدس اور شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے کھلی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی اور مکہ اتحاد سے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
مزید کہا گیا ک پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے اپنی مستقل حمایت کا بھی اعادہ کرتا ہے، جس میں دو مقدس مساجد کے تحفظ سمیت کسی بھی بیرونی جارحیت یا خطرے کے خلاف تعاون شامل ہے۔ پاکستان حملوں کو ناکام بنانے میں سعودی فضائی دفاعی افواج کی مستعدی اور مؤثر کارکردگی کو بھی سراہتا ہے۔
