Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دبئی ویمنز رن‘ پانچ نومبر کو دبئی فیسٹیول سٹی میں ہوگا

10 کلومیٹر کیٹیگری کے لیے پہلا انعام 5 ہزار درہم، دوسرا انعام تین ہزار درہم اور تیسرا انعام دو ہزار درہم ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خطے میں خواتین کی کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ ’دبئی ویمنز رن‘ رواں سال پانچ نومبر کو دبئی فیسٹیول سٹی میں منعقد ہوگا۔
ریس کی تھیم کے مطابق اس سال ریس کے وینیو اور مین سٹیج کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والی چیزیں استعمال کی جائیں گی۔
اس ریس کا سارا سامان بشمول ریس کٹ، ٹی شرٹس، بیگ، روٹس کے نقشے ’دوبارہ قابل استعمال‘ ہوں گے۔
ریس کے ٹیگ لائنز ’پائیداری کی جانب قدم،‘ اور ’ہر قدم اہم ہے‘ جیسے نعرے ہیں۔
ریس کا انعقاد پلان بی گروپ یو اے ای ایتھلیٹکس فیڈریشن اور دبئی سپورٹس کونسل کے تعاون سے کر رہی ہے جس کا افتتاح امارات کے وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مریم بنت محمد الامیری کریں گی۔
ریس کو تین کیٹیگریز 3 کلومیٹر، 5 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے دو کیٹیگریز کے فاتحین کو نقد انعام دیا جائے گا۔
10 کلومیٹر کیٹیگری کے لیے پہلا انعام 5 ہزار درہم، دوسرا انعام تین ہزار درہم اور تیسرا انعام دو ہزار درہم ہوگا۔
پانچ کلومیٹر کی کیٹیگری کے لیے پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام بالترتیب تین ہزار درہم، دو ہزار درہم اور ایک ہزار درہم ہوگا۔
ایونٹ کے شراکت دار فرینڈ آف کینسر پیشنٹس ریس کے دوران ’پنک کاروان میڈیکل موبائل کلینک‘ کے ساتھ فری سکریننگ کی سہولت کی فراہمی کے لیے موجود ہوں گے۔
دبئی سپورٹس کونسل کے سیکریٹری سعید حریب کا کہنا ہے کہ ان کی تنظیم خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے ایونٹس کو سپورٹ کرتی رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دبئی ویمنز رن‘ خواتین کا سب سے بڑا اور اہم ایونٹ ہے جس میں کئی کیٹیگریز کی امیچر اور پروفیشنل اتھلیٹس حصہ لیں گی۔‘
یو اے ای ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر إحمد المور کا کہنا تھا کہ خواتین ایتھلیٹکس فیڈریشن کا اہم حصہ ہیں جو کہ مقابلوں میں حصہ لیتی ہیں اور مختلف فورم پر امارات کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ’ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان کو بااختیار بنا کر قومی مقاصد کو پورا کرتے ہیں۔‘

شیئر: