Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں موجود کویتی شہریوں کو فوری وطن واپسی کی ہدایت

کویتی شہری سفارتخانے سے رابطے کرکے اپنے کوائف کا اندراج کرائیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)
لبنان میں کویتی سفارتخانے نے اتوار کو اپنے شہریوں سےسفری ہدایات کی پابندی اور رضاکارانہ طریقے سے فوری وطن واپسی کےلیے کہا ہے۔ 
سبق ویب کے مطابق سفارتخانے نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ ’غزہ میں جنگ 23 دن میں داخل ہوچکی ہے۔ لبنان و اسرائیل سرحدوں پر مسلسل کشیدگی ہے۔ کویتی شہری سفارتخانے سے رابطے کرکے اپنے کوائف کا اندراج کرائیں‘۔ 
کویتی سفارتخانے نے17 اکتوبر 2023 کو دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے اس پرعمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جو کویتی شہری لبنان جانا چاہتے ہوں وہ فی الوقت اپنا سفر ملتوی کردیں اور جو کویتی لبنان میں موجود ہوں اور وہاں ان کی موجودگی ضروری نہ ہو تو وہ پہلی فرصت میں وطن آجائیں۔ 
قبل ازیں لبنان میں سعودی سفارتخانے نے ایک بیان میں سعودی شہریوں سے فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی اپیل کی تھی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ’ سفارتخانہ جنوبی لبنان میں بدلتے ہوئے حالات کے حوالے سے گہری نظر رکھے ہوئے ہے‘۔  
 سعودی سفارتخانے نے شہریوں سے کہا تھا کہ’ وہ سفر پر پابندی کا احترام کریں۔ لبنان میں موجود سعودی شہری فوری طور پر وطن واپس چلے جائیں‘۔ 
’ سعودی شہری محتاط رہیں اور باہر آمد ورفت کے دوران ایسے مقامات سے دور رہیں جہاں مظاہرے یا ہنگامے ہورہے ہوں‘

شیئر: