Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ٹیسٹ:گلابی گیند پاکستانی بولرز کو راس نہ آئی

 
دبئی:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے دوسرے اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا نے یکے بعد دیگرے 2وکٹیں گرنے کے باوجود اوپنر دیموتھ کرونا رتنے کی شاندار سنچری اور کپتان دنیش چندی مل کے ساتھ118رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت ایک مرتبہ پھر میچ پر گرفت مضبوط کرنا شروع کر دی پہلے دن کا کھیل ختم ہو نے تک 3 وکٹ کے نقصان پر 254 رنز بنا لئے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو دیموتھ کرونا رتنے133 اورچندی مل 49 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے2 اور محمد عامر نے ایک وکٹ لی۔ گلابی گیند اور مصنوعی روشنیاں سری لنکن ٹیم کے لئے کوئی مسئلہ نہ بن سکیں۔ پاکستانی ٹیم اس معاملے نسبتاً تجربہ کار ہو نے کے باوجود صورتحال کو قابو میں نہ کر سکی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز ٹیم کو 63رنز کا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس شراکت کا خاتمہ یاسر شاہ نے کوشل سلوا کو 27 رنز پر آﺅٹ کرکے کیا۔یاسرشاہ کی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔ دوسرے اوپنر دیموتھ کرونا دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سدھیرا سمارا وکرمانے 38 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ان کا اچھا ساتھ دیا۔ وہ محمد عامر کا شکار بنے اور عامر نے اس سیریز میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔ ان کے بعد آنے والے کوشل مینڈس صرف ایک رنز بنا سکے اور انہیں یاسر شاہ نے آﺅٹ کیا ۔ کوشل مینڈس کے بعدآنے والے کپتان دنیش چندیمل نے ابتدا میں ایک موقع ملنے کے بعد مضبوطی سے قدم جمالئے۔دیموتھ کرونارتنے کے ساتھ118رنز کی ناقابل شکست شراکت کے ساتھ49رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔کرونا رتنے نے کیریئر کی ساتویں سنچری مکمل کی اور 133رنز پر کھیلتے ہوئے پاکستانی بولرز کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے 6بولرز استعمال کئے لیکن وہ سری لنکن بیٹنگ لائن کو پوری طرح قابو نہ کر پائے ۔ مہمان ٹیم ایک مرتبہ پھر بڑے اسکور کے موڈ میں دکھائی دیتی ہے۔ یاسر شاہ نے29اوورز میں90رنز دے کر 2اور محمد عامر نے 16.3اوورز میں 59رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی باقی بولرز کو کامیابی نہیں مل سکی۔ فاسٹ بولر محمد عامراننگز کے 88ویں اوور کے دوران ان فٹ ہو گئے اور3گیندیں کرنے کے بعد بولنگ چھوڑ کر میدان سے باہر جانے پر مجبور ہو گئے ۔ 
 

شیئر: