فالکن نیلامی میں تین باز 9 لاکھ 35 ہزار ریال میں فروخت
’اس سال پہلی مرتبہ منغولیا کے بازوں کے لیے خصوصی زون مختص کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ ایکسپو 2025 میں تین باز 9 لاکھ 35 ہزار ریال میں فروخت ہوئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ براہِ راست نیلامی ریاض ایکسپو اینڈ کانفرنس سینٹرمیں منعقد ہوئی ہے۔
منغولیا کے بازوں کے لئے مختص نیلامی زون میں دو باز پیش کئےگئے، پہلے باز پر سخت مقابلے کے بعد 4 لاکھ 50 ہزار ریال کی بولی لگی جبکہ دوسرا باز 4 لاکھ ریال میں فروخت ہوا ہے۔
رات کا اختتام شاهین کی نیلامی پر ہوا جو عسیر کے علاقے القحمة سے پیش کیا گیا تھا، یہ مقامی بازوں کے لیے مخصوص نیلامی میں 85 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا ہے۔
اس سال پہلی مرتبہ منغولیا کے بازوں کے لیے خصوصی زون مختص کیا گیا ہے جو مملکت اور خطے میں نہایت مقبول ہوا ہے۔
منغولیا کے بازوں کی خصوصیات میں اعلیٰ معیار، بڑا حجم، لمبے پروں کا پھیلاؤ، غیر معمولی برداشت اور رنگوں کا تنوع شامل ہے۔
یہ نیلامی نہ صرف مقامی بازوں کے لیے اہم مرکز ہے بلکہ مملکت کی ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔