Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹیسٹ : پاکستان کو 4رنز سے ناقابل یقین شکست

  ابوظبی: نیوزی لینڈ کے بولرز نے میزبان پاکستانی بیٹنگ لائن کو 176رنز کے آسان ہدف تک رسائی سے روکتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز انداز میں4رنز سے جیت لیا ۔ پاکستانی ٹیم ہدف کے قریب پہنچ کر ناکامی سے دوچار ہو گئی ۔ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کے ہیرو بن گئے ۔ پٹیل نے دوسری اننگز میں5اور میچ میں7وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میچ جیتنے اور سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرنے کیلئے 176 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب کو پاکستانی بیٹنگ لائن نے حسب روایت خود ہی مشکل بنا دیا اور پوری ٹیم 171 رنز پرآوٹ ہوگئی۔ اظہر علی نے65 رنز بنا ئے لیکن ان کا تجربہ ٹیم کے کام نہ آیا اور وہ میچ کے آخری لمحات میں ایک نئے بولر کے سامنے حوصلہ ہار گئے۔ایک مرحلے پر 130رنز پرپاکستان کے 4کھلاڑی آوٹ تھے اور ٹیم جیت کے انتہائی قریب تھی لیکن41رنز کے اضافے پر 6وکٹیں گر گئیں ۔5کھلاڑیوں کو ڈبل فگر میں داخل ہونے کا موقع بھی نہیں اور ان میںسے 3 صفر پر آوٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر محمد عباس 10گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آوٹ رہے ۔ گزشتہ روز دونوں اوپنرز نے 8اوورز میں 37رنز بنائے تھے تاہم امام الحق اور محمد حفیظ چوتھے روز اس کارکردگی کو جاری نے رکھ سکے ۔ دونوں اپنے اسکور میں 2، 2رنز کا اضافہ کرکے لوٹ گئے ۔ حارث سہیل بھی 4 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو اس چھوٹے سے ہدف کا حصول خطرے میں نظر آنے لگا۔ 48 رنز پر3 وکٹیں گرنے کے بعد اسد شفیق اور اظہر علی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز کی شراکت قائم کی اور فتح کی امید پھر تازہ ہو گئی ۔ قبل ازیں اسد شفیق 45 رنز کی اننگز کھیل کر واپس لوٹے تو لنچ کے بعد پاکستان کی وکٹیں تواتر سے گرنے لگیں۔ بابر اعظم 13 رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔ سرفراز احمد 3 ، بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ اظہر علی ایک اینڈ سنبھالے کیوی بولرز کا مقابلہ کرتے رہے ۔ محمد عباس نے ان کا ساتھ دیا ، کامیابی سے صرف5 رنز کے فاصلے پراعجاز پٹیل نے ا ظہر کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ناقابل یقین اور سنسنی خیز فتح سے ہمکنار کر دیا ۔ پاکستانی ٹیم 58.4اوورز میں171رنز بنا سکی ۔ اظہر علی نے 136گیندوں پر65رنز بنائے ۔نیوزی لینڈ کے اسپنر اعجاز پٹیل نے 23.4اوورز میں59رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے اسپنر ایش سوڈھی اور فاسٹ بولرنیل ویگنر نے 2،2 وکٹیں لیں۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردونیوزاسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: