Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوئٹزرلینڈ میں ’اُمید‘ کے پہاڑ پر سعودی اور پاکستانی پرچم

سویئٹزرلینڈ میں اٹلی کی سرحد کے قریب واقع پہاڑ اس کٹھن وقت میں دنیا کے لیے ’اُمید اور یکجہتی‘ کی علامت بن گیا ہے جس کی چوٹی پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے رنگ برنگے جھنڈوں سے روشن کی گئی ہے۔
میٹر ہارن نامی یہ پہاڑ ایک سوئس قصبے زرمت کے پاس واقع ہے جو سکیئنگ اور ہائیکنگ کے لیے مشہور ہے۔ زرمت میونسیپیلٹی کی ویب سائٹ کے مطابق ’میٹر ہارن ہمیشہ ہی سے سویئٹزرلینڈ کے لیے طاقت اور استحقام کی علامت رہا ہے۔‘
زرمت میونسیپیلٹی کے ٹوئٹر ہینڈل پر دی گئی تصویروں میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے بارے میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر ایک یا دو دعائیہ جملے بھی لکھے گئے ہیں۔

پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’پاکستان جہاں سوئیٹرزرلینڈ جیسے بلند و بالا پہاڑ ہیں، وہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ہم پاکستان کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے لیے ہمت کی تمنا کرتے ہیں۔‘

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطی کے ممالک کے لیے کہا گیا ہے کہ ’بہت سے عرب ممالک کورونا وائرس کا شکار ہیں، ہم جی سی سی ممالک کے لوگوں اور وہاں مقیم تارکین کے لیے اُمید اور حوصلے کی دعا کرتے ہیں۔‘

چین کے حوالے سے زرمت کے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام لکھا گیا ہے کہ ’چین کو کورونا وائرس کی وجہ بہت مشکلات کا سامنا رہا لیکن اب وہ صحت مندی کی طرف گامزن ہے۔ ہم ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ کے لیے بھی حوصلے اور استحکام کا پیغام دیا گیا ہے۔

’ترکی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور اسے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہم ترکی کے لوگوں کے لیے اُمید کا پیغام بھیج رہے ہیں اور تمنا کرتے ہیں کہ وہ اس بحران پر قابو پالیں گے۔‘

انڈیا کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ ’میٹرہارن کے پہاڑ پر انڈیا کا پرچم ہونے کا مطلب ہے کہ ہم اس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔‘

ایران کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ ’ایران کورونا وائرس سے بہت زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ ہم ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘

’روس میں کورونا وائرس اپنی انتہا کو پہنچ رہا ہے۔ ہم روسی لوگوں کے لیے بہت ساری ہمت کی دعا کرتے ہیں۔‘

تصاویر بشکریہ زرمت میونسیپیلٹی

شیئر:

متعلقہ خبریں