سعودی ریلوے کے 2025 میں نئے ریکارڈ، 14 ملین مسافر، 30 ملین ٹن فریٹ
فریٹ آپریشنز سے 139 ملین لٹر ایندھن کی بچت ہوئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریلوے نے 2025 کے لیے ریکارڈ ساز آپریشنل سنگِ میل کا اعلان کیا ہے جس سے مملکت کے لاجسٹک اور ٹورازم سیکٹر میں اس کی اہمیت مستحکم ہوئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ریلوے( سار) نے 14 ملین سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی، 2023 میں 11.2 ملین مسافروں نے سفرکیا، جو ایک نمایاں اضافہ ہے۔
یہ اعداد وشمار روز مرہ اورعازمین کے سفر دونوں کے لیے ریلوے کے بڑھتے ہوئے استعمال کو ظاہر کرتے ہیں۔
صنعتی طلب اور کان کنی کی لاجسٹس میں اضافے کے باعث فریٹ آپریشنز 2023 میں 24 ملین ٹن سے بڑھ کر 30 ملین ٹن تک پہنچ گئے۔
2025 میں ٹرین نیٹ ورک کے ذریعے فریٹ آپریشنز سے 139 ملین لٹر ایندھن کی بچت ہوئی۔ کاربن کے اخراج میں 364,000 ٹن کی کمی واقع ہوئی جو سعودی گرین انیشیٹو کے اہداف کے مطابق ہے۔
2025 کی نمایاں کامیابیوں میں سے ایک’ ڈریم آف دی ڈیزرٹ‘ منصوبے کا آغاز تھا جو مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں پہلی لگژری ٹرین سروس ہے۔
اطالوی لگژری ہاسپیٹلٹی کمپنی آرسنیل گروپ کی شراکت میں اس سروس نے ’ریل ٹورازم‘ کی نئی تعریف کی ہے۔ 40 لگژری کیبن کلاسیک اورینٹ ایکسپریس سے متاثر ایک ’ریل کروز‘ کا تجربہ فراہم کرتے ہیں تاہم سعودی شناخت نمایاں ہے۔

ٹرین بوگیوں بھی مملکت کے مختلف مقامات کی عکاسی کی گئی ہے جن میں مدائن صالح، العلا، حائل اوردیگر قدیم مقامات شامل ہیں جن کا مقصد سیاحوں کو ان تاریخی مقامات کے بارے میں جامع معلومات مہیا کرنا ہے۔
سعودی ریلوے ’سار‘ نے ٹریول، ٹرانسپورٹیشن اور ٹورازم سیکٹر میں بہترین رابطہ مرکز کا سال 2025 کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ ورلڈ کنٹیکٹ سینٹر کے تحت ایواڈز کی تقسیم یونان میں ہوئی ہے۔
اس سے قبل سعودی ریلوے یورپ، مشرق وسطی اور افریقہ کی سطح پر ’گوبل ٹاپ رینکنگ پرفارمنس‘ کے حوالے سے سرفہرست رہی جبکہ گولڈن کیٹگری میں ’سار‘ کو شامل کیا گیا۔
