Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا پاکستان میچ بحال کروانے کے لیے آئی سی سی کی کوششوں کا آغاز

پاکستان نے انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ میں 15 فروری کو شیڈول پاکستان اور انڈیا کے میچ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کو آئی سی سی بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلہ کرکٹ کے سب سے منافع بخش میچز میں شمار ہوتا ہے جس سے براڈکاسٹ، سپانسرشپس اور اشتہارات کی مد میں کروڑوں ڈالر کی آمدن ہوتی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا اور پاکستان کا شیڈول میچ اس وقت غیریقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا تھا جب پاکستانی حکومت نے ٹیم کو انڈیا کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی ہدایت کی۔
خبر کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ خط موصول ہوا جس کے بعد پی سی بی نے عالمی کرکٹ ادارے سے رابطہ کیا۔
اس پیش رفت سے آگاہ ایک ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’آئی سی سی تصادم کے بجائے مکالمے کے ذریعے حل نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘
20 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلے ہی سیاسی کشیدگی کے سائے میں ہوا جب بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث انڈیا میں کھیلنے سے انکار کیا جس کے بعد اسے سکاٹ لینڈ سے تبدیل کر دیا گیا۔
اس فیصلے کے خلاف احتجاجاً پاکستان نے گروپ اے میں میزبان انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
اگر پاکستان یہ میچ نہیں کھیلتا ہے تو اسے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا جبکہ نیٹ رن ریٹ کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
پاکستان نے سنیچر کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب انڈین کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ ’انڈین ٹیم کولمبو میں شیڈول میچ کے لیے سفر کرے گی۔‘
واضح رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی، دونوں ٹیمیں صرف عالمی یا علاقائی ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔

شیئر: