Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مختلف شہروں میں بارش، ژالہ باری کا امکان

شاہراہوں پرسفر کرنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کریں (فوٹو، سوشل میڈیا)
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج اور کل مملکت کے بعض شہروں میں بارش جبکہ کہیں موسم گرد آلود رہنے کا امکان ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے ماہر موسمیات الحصینی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ جازان ، عسیر اور وادی الدوسر میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
مکہ مکرمہ ریجن ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں تیز اور درمیانی درجے کی ہوائیں چلیں گی جن کا سلسلہ کویت اور امارات تک پھیلنے کا امکان ہے۔

بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

دوسری جانب سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ آج بروز بدھ کی شام تک مدینہ منورہ ریجن اور قرب و جوار کی کمشنریوں میں تیز اور ہوا اور گرد وغبار کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
محکمہ نے اس حوالے سے شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے خاص کر شاہراہوں کے ان مقامات پر جہاں گردوغبار کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے۔
دریں اثنا عیسر ریجن میں شہری دفاع کی جانب سے تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔
شہری دفاع کے ریجنل ترجمان لیفٹینٹ محمد عبدہ کا کہنا ہے کہ برساتی ریلے کی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں خاص کر ایسے پہاڑی مقامات جہاں سے برساتی ریلہ بلندی سے گرتا ہے ۔
عسیر ریجن کے بعض علاقوں میں تیز بارش کا قوی امکان ہے جبکہ ریجن کے بعض علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران شاہراہوں پر سفرکرنے والوں کوخصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔  

شیئر: