تین وارداتوں میں 6 لاکھ سے زائد نشہ آورگولیاں ضبط کی گئیں (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ کسٹم نے بری سرحدی چوکیوں سے منشیات اسمگل کرنے کی 3 بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 9 لاکھ سے زائد نشہ آور گولیاں ضبط کرلیں ـ
اخبار 24 کے مطابق ایک سمگلرنے گرفتاری سے بچنے کےلیے گاڑی کو ہی آگ لگا دی تاکہ منشیات اسمگلنگ کے ثبوت کو مٹایا جاسکے ـ
کسٹم اتھارٹی کی جانب سے جاری وڈیو میں دکھاگیا ہے کہ اہلکارکس طرح منشیات سمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں ـ
الخفجی چیک پوسٹ پر گزشتہ دنوں نشہ آورگولیاں سمگل کرنے کی تین بڑی کارروائیوں کو اہلکاروں نے ناکام بنایا جن میں انتہائی مہارت سے سمگلروں نے منشیات اپنی گاڑیوں میں چھپائی تھیں ـ
کسٹم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پرمتعین اہلکاروں کو تلاشی لیتے دیکھ کر سمگلر نے ثبوت مٹانے کے لیے گاڑی کو ہی نذر آتش کردیا تاہم اہلکاروں نے بروقت گاڑی کی آگ پرقابو پانے کے بعد اس میں چھپائی گئی نشہ آورگولیاں برآمد کرلیں جن کی تعداد دو لاکھ 8 ہزار سے زائد تھی ـ
اسمگلنگ کی دوسری کارروائی میں سرحدی چیک پوسٹ پر متعین اہلکاروں نے ایک گاڑی کی اسٹبنی میں چھپائی گئی نشہ آورگولیاں برآمد کرلیں جنکی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد تھی ـ
تیسری کارروائی میں 4 لاکھ سے زائد نشہ آورگولیاں ضبط کی گئیں جو گاڑی کے پیٹرول ٹینک کے نیچے چھپائی گئی تھیں ـ اسمگلر نے کسٹم اہلکاروں سے بچنے کےلیے اپنی اہلیہ کو بھی ساتھ رکھا تھا مگر اہلکاروں کی تفتیش سے بچ نہ سکا ـ
کسٹم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ضبط کی جانے والی نشہ آورگولیاں متعلقہ ادارے کے سپرد کردی گئیں جبکہ سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں عدالتی کارروائی کے لیے ادارہ پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیاـ