Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایئر شو 2021 میں جدید طیاروں کی نمائش

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ایئر شو کا ٓغاز ہو گیا ہے۔ دبئی ورلڈ سینٹر میں یہ ایئر شو جمعرات 18 نومبر تک جاری ہوگا۔ اس ایئر شو میں تقریباً 150 ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔
ایئر شو میں ایوی ایشن، ایرو سپیس، خلائی اور دفاعی صنعتیں شرکت کر رہی ہیں۔ ایئر شو کے پہلے دن دبئی کے حکمران، متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شرکت کی۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق 140 سے زائد ممالک کے سول اور ملٹری وفود کے ساتھ اس تقریب میں 20 ملکوں کے پویلین بھی شامل ہیں جن میں جمہوریہ چیک، بیلجیئم، برازیل، اسرائیل اور سلوواکیہ بھی پہلی مرتبہ حصہ لے رہے ہیں۔

اس عالمی ایونٹ میں اس سال 85 ہزار سے زائد سیاحوں کی شرکت متوقع ہے۔

اس میں عالمی معیار کی مصنوعات، ٹیکنالوجیز، مارکیٹ لیڈرز اور ڈسٹریبیوٹرز، نیٹ ورکنگ کے بہتر مواقع اور بڑے صنعتی اعلانات کے ساتھ جدید ترین طیاروں کی نمائش بھی ہوگی۔

ٹارسس مڈل ایسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ٹموتھی ہاوز نے کہا کہ دبئی ایئر شو کورونا وائرس کی وبا کے بعد ہوابازی کے صنعت سے منسلک پیشہ ور افراد کے لیے ایک اہم موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بدلتے اقدامات، جدید ٹیکنالوجیز اور پائیدار حل کے لیے ایوی ایشن میں انقلاب لانے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرو سپیس کا مستقبل امید افزا ہے۔ اس شو میں پوری دنیا سے مندوبین، نمائندے اور سیاحوں کا استقبال ہو رہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ دبئی ایئر شو 2021 بڑے منصوبوں اور اقدامات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا جو ہوابازی کی صنعت کو تبدیل کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

اس ایئر شو میں دنیا کے 175 سے زیادہ جدید ترین طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

ایئر شو میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کے فرسان، روسی نائٹس، سعودی ہاکس، بھارت کی سوریا کرن اور بھارتی فضائیہ کی سارنگ ٹیم کی جانب سے ایروبیٹکس ڈسپلے پیش کیے جائیں گے۔

شیئر: