Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بل گیٹس کا دو روسی خواتین سے تعلقات کا اعتراف مگر ایپسٹین کے جرائم میں ملوث ہونے سے انکار

بل گیٹس نے بتایا کہ ایپسٹین کے ساتھ ان کا تعلق 2011 میں شروع ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اعتراف کیا ہے کہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ وابستگی ایک ’بہت بڑی غلطی‘ تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے اپنی فلاحی تنظیم کے عملے کو بتایا کہ ان کے دو روسی خواتین کے ساتھ تعلقات رہے، تاہم انہوں نے بدنام زمانہ مالیاتی شخصیت ایپسٹین کے جرائم میں کسی بھی قسم کی شمولیت سے انکار کیا۔
مائیکروسافٹ کے شریک بانی ان نمایاں شخصیات میں شامل ہیں جن کے نام امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں سامنے آئے، جن میں ایپسٹین کے ساتھ قریبی تعلقات، غیر قانونی مالی معاملات اور نجی تصاویر کا ذکر موجود ہے۔ ایپسٹین ایک سزا یافتہ جنسی مجرم تھا۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے عملے کے ساتھ منگل کو منعقدہ ایک ٹاؤن ہال اجلاس میں، جس کی ریکارڈنگ کا جائزہ دی وال اسٹریٹ جرنل نے لیا ہے، بل گیٹس نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایپسٹین کے ساتھ ان کے تعلق نے ان کی فلاحی تنظیم کے کام کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا، ’ایپسٹین کے ساتھ وقت گزارنا ایک بہت بڑی غلطی تھی اور گیٹس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کو بھی ایپسٹین سے ملاقاتوں میں شامل کرنا بھی غلطی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’میں ان دیگر لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جو میری اس غلطی کی وجہ سے اس معاملے میں گھسیٹے گئے۔‘
محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں شامل ایک ای میل میں ایپسٹین نے الزام لگایا کہ گیٹس کے غیر ازدواجی تعلقات تھے، اور لکھا کہ ان کا تعلق ’بل کو منشیات حاصل کرنے میں مدد دینے سے لے کر، روسی لڑکیوں کے ساتھ تعلقات کے نتائج سے نمٹنے تک، اور شادی شدہ خواتین کے ساتھ ان کی خفیہ ملاقاتوں کو آسان بنانے تک پھیلا ہوا تھا۔‘
70 سالہ گیٹس نے ٹاؤن ہال میں دو تعلقات کا اعتراف کیا۔

بل گیٹس نے ٹاؤن ہال میں کہا، ’میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ میں نے کچھ غیر قانونی نہیں دیکھا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا، ’میرے تعلقات تھے، ایک روسی برج کھلاڑی کے ساتھ جو مجھے برج کے مقابلوں میں ملی، اور ایک روسی جوہری طبیعیات دان کے ساتھ جن سے میری ملاقات کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے ہوئی۔‘
تاہم انہوں نے ایپسٹین کے متاثرین کے ساتھ کسی بھی قسم کی شمولیت سے انکار کیا۔ ایپسٹین 2019 میں نیویارک کی جیل میں اس وقت ہلاک ہو گیا تھا جب وہ کم عمر لڑکیوں کی جنسی سمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کر رہے تھے۔
بل گیٹس نے ٹاؤن ہال میں کہا، ’میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ میں نے کچھ غیر قانونی نہیں دیکھا۔‘
ٹیکنالوجی کے اس بڑے نام نے بتایا کہ ایپسٹین کے ساتھ ان کا تعلق 2011 میں شروع ہوا۔
بل گیٹس نے کہا کہ انہیں ایپسٹین پر عائد ’18 ماہ کی سفری پابندی‘ کا علم تھا، مگر انہوں نے اس کا پس منظر جانچنے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اُس وقت کی اہلیہ میلنڈا نے 2013 میں ایپسٹین کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے کم از کم ایک سال مزید تعلق برقرار رکھا۔
بل گیٹس نے عملے سے کہا، ’آج جو کچھ میں جانتا ہوں، وہ اس معاملے کو سو گنا زیادہ سنگین بنا دیتا ہے، نہ صرف اس کے ماضی کے جرائم کے حوالے سے، بلکہ اب یہ واضح ہے کہ اس کا غلط رویہ جاری تھا۔‘
گیٹس فاؤنڈیشن نے گیٹس کے بیانات پر تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

 

شیئر: