خواتین کے پرس ’چوری‘ کرنے پر انڈین اداکارہ گرفتار
پولیس نے روپا دتا کے بیگ سے کئی پرس اور 75 ہزار روپے برآمد کیے (فوٹو دی وائر)
انڈین ریاست بنگال کی اداکارہ روپا دتا کو کلکتہ میں مبینہ طور ایک بُک فیئر سے خواتین کے پرس چوری کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق روپا دتا کو سنیچر کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک پولیس اہلکار نے انہیں کوڑے کی ٹوکری میں پرس پھینکتے دیکھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی گئی تو ان کے بیانات آپس میں نہیں مل رہے تھے۔
پولیس نے روپا دتا کے بیگ سے کئی پرس اور 75 ہزار انڈین روپے برآمد کیے۔
’مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا اس جرم میں اور لوگ بھی ملوث ہیں۔‘
بنگالی اداکارہ نے اس سے قبل معروف انڈین اداکار و ہدایت کار انوراگ کشیپ پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا۔