’گلا تو چھ انگلی والوں کا بھی سوکھ رہا ہے‘ کنگنا کے نشانے پر کون؟
’گلا تو چھ انگلی والوں کا بھی سوکھ رہا ہے‘ کنگنا کے نشانے پر کون؟
ہفتہ 12 مارچ 2022 10:27
کئی سوشل میڈیا صارفین کا یہ خیال ہے کہ کنگنا رناوت نے دراصل ہریتک روشن پر تنقید کی ہے(فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی ’پنگا‘ گرل کنگنا رناوت کے تیکھے بیانات نہ صرف بالی وڈ انڈسٹری بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دیتے ہیں۔ اس بار بھی ان کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں انہوں نے اپنے ’ایکس بوائے فرینڈ‘ ہریتک روشن پر تنقید کی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ کلپ انڈین رئیلٹی شو ’لاک اپ‘ کے پریمیئر ایپی سوڈ کا ہے جس کی میزبانی کنگنا کر رہی ہیں۔
اس ویڈیو کلپ میں کنگنا اس شو کا تعارف کراتے ہوئے بتاتی ہیں کہ لوگ کیسے اس شو سے خائف ہیں اور وہ کیسے سب کو بے نقاب کریں گی۔ کنگنا کہتی ہیں کہ’جن لوگوں نے مجھ سے پانچ سال سے بات نہیں کی تھی ان کے فون آرہے ہیں، تحفے بھیج رہے ہیں کہ بھائی کنگنا کو پٹا کے رکھو۔ کہیں اندر جا کے ہماری پول نہ کھول دے۔‘
وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ ’لوگ پانچ انگلیاں ملا کے ہاتھ جوڑ رہے ہیں۔ ویسے گلا تو چھ انگلی والوں کا بھی سوکھ رہا ہے۔‘
یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ بالی وڈ سٹار ہریتک روشن کے ہاتھ کی چھ انگلیاں ہیں، اسی لیے کئی سوشل میڈیا صارفین کا یہ خیال ہے کہ کنگنا نے دراصل ہریتک پر تنقید کی ہے۔
کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا تھا کہ ہریتک روشنان کے’ایکس بوائے فرینڈ‘ہیں جس کے بعد دونوں ستاروں میں لفظی جنگ کا آغاز ہوا تھا۔ یہ لفظی جنگ اس وقت قانونی جنگ میں بدل گئی تھی جب 2016 میں ہریتک نے الزام عائد کیا تھا کہ کوئی انہیں ایک فیک (جعلی) ای میل آئی ڈی سے پیغامات بھیج رہا ہے۔
انہوں نے کنگنا پر سینکڑوں ای میلز بھیج کر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا جس کی کنگنا نے تردید کی تھی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’سب سے زہریلے ایکس کا ایوارڈ جاتا ہے پدم شری کنگنا رناوت کو۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’کنگنا نے اب تک کی سب سے بڑی چال یہ چلی تھی کہ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ہریتک روشن ان کے پیچھے تھے۔‘