Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دیپیکا پاڈوکون اور ریتک روشن کی ’فائٹر‘ کب ریلیز ہوگی؟

‘فائٹر‘ میں ریتک روشن اور دیپیکا پاڈوکون پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دیپیکا پاڈوکون اور ریتک روشن کا شمار بالی وڈ کے دو کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، دونوں کی بہت بڑی فین فالونگ ہے اور جب بھی اِن کی کسی نئی فلم کا اعلان ہوتا ہے تو دونوں کے مداح اِن کی نئی تصاویر کا شدت سے انتظار کرنا شروع کردیتے ہیں۔
ریتک روشن نے اب خود ہی اپنی آنے والی نئی فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ سدھارتھ آنند کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم آئندہ برس 28 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔
یاد رہے کہ ‘فائٹر‘ میں بالی وڈ کے کامیاب ہیرو ریتک روشن اور ڈمپل گرل دیپیکا پاڈوکون پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں، جوکہ یقیناً ان کے مداحوں کے لیے ایک ایسا خواب ہے جو حقیقت بننے جارہا ہے۔
فلم میں انیل کپور بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
ریتک روش نے اس فلم کی ریلیز کا اعلان اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کر کے کیا۔ ویڈیو کے مطابق ’فائٹر‘ انڈیا کی پہلی ’ایریئل ایکشن فلم‘ ہے۔
اس سے قبل اس فلم کی ریلیز کے لیے 26 جنوری 2023 کی تاریخ دی گئی تھی۔
 اس فلم کے ذریعے ریتک روشن اور سدھارتھ آنند تیسری مرتبہ اکٹھے ہورہے ہیں، اس سے قبل دونوں فلم ’بینگ بینگ‘ میں بھی کام کرچکے ہیں جس میں کترینہ کیف نے ریتک کے مدمقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔
اس کے علاوہ سدھارتھ آنند کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’وار‘ میں ریتک روشن کے ساتھ ٹائیگر شروف بھی اہم رول میں نظر آئے تھے۔
فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند نے فلم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ان کی زندگی کا بہترین لمحہ ہے جب وہ اپنے دو پسندیدہ ادکاروں کو ایک ساتھ فلما رہے ہیں۔‘
کورونا وائرس کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد اب دنیا کی مختلف لوکیشنز پر یہ فلم شُوٹ کی جائے گی۔
’فائٹر‘ کی شُوٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں اور ریتک روش کی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہی ہے۔
اس سے قبل گذشتہ برس جنوری میں دیپیکا پاڈوکون نے ریتک روشن کے ساتھ اپنی اس نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔
دیپیکا پاڈوکون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نئی آنے والی فلم کے حوالے سے پوسٹ شیئر کی تھی جس پر ان کے شوہر رنویر کپور نے سب سے پہلے کمنٹ کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
ڈمپل گرل نے فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’خواب واقعی پورے ہوتے ہیں۔‘

شیئر: