Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو کی کابینہ میں شمولیت میں عمران خان کے لیے کیا پیغام ہے؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بطور وزیر خارجہ حلف لینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی اتحادی حکومت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیروں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر بھٹو کے بیٹے کی حیثیت سے دنیا میں بلاول ایک پہچان رکھتے ہیں اور ان کی شمولیت سے حکمران اتحاد کی مضبوطی کا تاثر ابھرا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بلاول بھٹو کی کابینہ میں شمولیت سے سابق وزیراعظم عمران خان کو یہ پیغام گیا ہے کہ موجودہ حکومت کہیں نہیں جا رہی اور ان کا جلدی الیکشن کا مطالبہ پورا ہوتا نظر نہیں آرہا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے  تجزیہ کار زاہد حسین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی شمولیت سے یقیناً حکومت کو فائدہ ہوگا کہ بڑے مرتبے کا لیڈر اس کا حصہ بن گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بھی واضح ہوگئی ہے کہ موجودہ حکومت اب مدت پوری کرے گی اور کم سے کم دو بڑی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک دوسرے کے ساتھ چلیں گی۔
زاہد حسین کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی مضبوط اپوزیشن دونوں جماعتوں کو جوڑے رکھے ہوئے ہے اور اسی وجہ سے حکمران اتحاد میں اختلافات کے امکانات بہت کم ہیں۔

بلاول بھٹو حکومت کے لیے مفید، مگر خود انہیں چیلنجز کا سامنا

 سینیئر صحافی مظہر عباس کا کہنا تھا کہ بلاول کی شمولیت حکومت کے لیے اچھی خبر ہے تاہم خود بلاول بھٹو کے لیے ایک چیلنج ہوگا کہ وہ کم وقت میں اپنی کارکردگی سے ثابت کریں کہ اگلے الیکشن میں وہ بڑی کامیابی کے اہل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو کوشش کرنا ہوگی کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں تاہم اس میں بھی انہیں اپوزیشن کی طرف سے کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہوگا کہ ایسا تاثر نہ جائے کہ بہتر تعلقات خودمختاری کی قیمت پر ہیں۔

زاہد حسین کا کہنا تھا کہ ’بلاول بھٹو کی شمولیت سے یقیناً حکومت کو فائدہ ہوگا‘  (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)

اسی طرح روس اور یوکرین کے تنازعے میں بھی بلاول بھٹو کو گذشتہ حکومت کے اقدامات کے حوالے سے دیکھ بھال کر حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔
مظہرعباس کے مطابق پاکستان میں خارجہ پالیسی عمومی طور پر اسٹیبلشمنٹ بناتی ہے تو سوال یہ ہے کہ اس میں بلاول بھٹو کس طرح اپنی کارکردگی دکھا سکیں گے۔
تجزیہ کار رسول بخش رئیس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو دونوں نام مل کر حکومت کے لیے تو ایک اچھی خبر ہیں مگر دونوں بڑی جماعتوں کے اتحاد کا اصل مرکز عمران خان ہیں۔
’عمران خان کی مقبولیت اور مضبوط اپوزیشن کے باعث یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑی رہیں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی عدم موجودگی میں پی ڈی ایم بھی نہیں چل پائی تھی اس لیے یقینا حکومتی اتحاد کو پیپلز پارٹی کی اس سطح کی حمایت کا بہت فائدہ ہوگا۔
’اب پیپلز پارٹی کے اس حکومت میں سٹیکس بہت زیادہ ہیں۔‘

بلاول بھٹو کا سیاسی سفر

دوسری طرف بلاول بھٹو سیاست میں اپنے نانا اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے کئی کاموں کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو بھی وزیراعظم منتخب ہونے سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ رہ چکے تھے اور ان کی سفارتی محاذ پر صلاحیتوں کی تعریف آج بھی کی جاتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بلاول بھٹو کی کابینہ میں شمولیت سے عمران خان کو یہ پیغام گیا ہے کہ موجودہ حکومت کہیں نہیں جا رہی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

21  دسمبر 1988 کو کراچی میں پیدا ہونے والے بلاول کا پورا نام بلاول علی زرداری تھا جسے ان کی والدہ کی وفات کی بعد تبدیل کرتے ہوئے ’بلاول بھٹو زرداری‘ کردیا گیا۔ ان کی پیدائش کے تین ماہ بعد ہی ان کی والدہ بے نظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔
سنہ 2012  میں کراچی میں ایک بڑے جلسہ عام کے ذریعے سیاست میں انٹری دینے والے بلاول بھٹو زرداری کم عمری کی وجہ سے 2013 کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ 2018 کے انتخابات میں این اے 200 لاڑکانہ سے منتخب ہو کر ایوان میں پہنچنے والے بلاول بھٹو زرداری اپنی جماعت کے پارلیمانی لیڈر تھے اور اپنے پہلے ہی خطاب میں انھوں نے وزیراعظم عمران خان کو ’سلیکٹڈ‘ کا خطاب دیا جو اب بھی زبان زدعام ہے۔ متعدد مواقع پر انھوں نے اسمبلی فلور پر اپنے فنِ خطابت کا لوہا منوایا ہے۔
کرکٹ، تیراکی، نشانہ بازی اور گھڑ سواری کا شوق رکھنے والے اور کراٹے میں بلیک بیلٹ کے حامل بلاول بھٹو زرداری کے لیے وزارت خارجہ ڈپلومیسی ایک نیا چیلنج ہوگا۔
سیاسی اور خارجہ امور کے ماہرین کے مطابق جہاں بحیثیت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ان کا خاندانی پس منظر اور تعلیم اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے میں مدد دے گا، وہیں ان کے لیے چیلنج بھی ہوگا۔ ان کے سامنے رول ماڈل شاہ محمود قریشی نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر ہوں گے۔

شیئر: