Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن کاروبار کرنے والے تجارتی اداروں پر نئی پابندیاں کیا ہیں؟

صارفین کو ادائیگی کے لیے مختلف آپشنز دیے جائیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت نے آن لائن کاروبار کرنے والے تجارتی مراکز پر رقم کی ادائیگی، کارگو اور بل میں تمام مطلوبہ معلومات کے اندراج کی پابندی عائد کی ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے آن لائن کاروبار کرنے والے اداروں کے حوالے سے دس اقدامات کیے ہیں۔ 
وزارت نے آن لائن کاروبار کرنے والے تجارتی مراکز پر پابندی لگائی ہے کہ وہ سامان خریدنے والے کو کارگو کے لیے ایک سے زیادہ اختیار دیں۔ اس امر کو یقینی بنائیں کہ سامان کی ترسیل میں تاخیر نہ ہو۔ سودے کی منسوخی کی کارروائی میں آسانی پیدا کریں۔ طریقہ کار ایسا اپنائیں کہ صارف کسی ابہام کا شکار نہ ہو۔ سامان کی ترسیل کا دائرہ وسیع کریں۔ مملکت کے تمام علاقوں تک سامان کی رسائی کو یقینی بنائیں۔ اس کا دائرہ سعودی عرب کے بڑے شہروں تک محدود نہ رکھیں۔ 
وزارت تجارت نے آن لائن کاروبار کرنے والے اداروں پر یہ پابندی بھی عائد کی ہے کہ سودے کی رقم کی ادائیگی کے سلسلے میں صارفین کو سہولتیں دیں۔ ’مدی‘ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سمیت ادائیگی کے مختلف آپشنز دیے جائیں۔ 
سودا منسوخ ہونے کی صورت میں رقم کی واپسی کا طریقہ کار سادہ اور آسان بنائیں۔ اس میں بہانوں سے کام نہ لیا جائے۔ تجارتی مراکز اس حوالے سے اپنی کارکردگی کی رپورٹ مقررہ نظام الاوقات کے مطابق وزارت تجارت کو پابندی سے پیش کریں۔ 
وزارت تجارت نے کہا ہے کہ آن لائن کاروبار کرنے والے تجارتی مراکز کو اس بات کی بھی تاکید کی گئی ہے کہ  وہ سامان کی پیشکش سادہ عربی زبان میں بھی کریں۔ سامان کی خصوصیات، اسے استعمال کا طریقہ کار سب کچھ صارف کو بتائیں۔ سامان تبدیل کرنے اور واپس کرنے کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ آن لائن کاروبار کو صارفین کی نظروں میں معتبر بنانے کے لیے جملہ اقدامات کیے جائیں۔ 

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: