Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن وصولی، سبزی فروشوں کو مشکلات کا سامنا

صرف بڑی دکانیں ہی فیصلے کی پابندی کررہی ہیں۔ (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں 25 اگست سے سبزی فروشوں پر آن لائن وصولی کی پابندی کا آغاز کیا گیا ہے۔ بعض سبزی فروشوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔  
 دمام میں سینٹرل سبزی منڈی کے ایک تاجر حسین عبدالجبار نے بتایا سبزی فروشوں کو بڑی مشکل یہ پیش آرہی ہے کہ بینک عام گاہکوں کے ساتھ لین دین والے معاہدے تسلیم نہیں کررہے ہیں۔
آن لائن وصولی سسٹم حاصل کرنے کے لیے ضروری ہےکہ سبزی فروش کو بلدیاتی کونسل نے تجارتی لائسنس جاری کیا ہو جبکہ بیشتر سبزی فروش ایسے ہیں جنہیں بلدیاتی کونسل سے اب تک تجارتی لائسنس نہیں ملا ہے۔ 

دمام کی سینٹرل سبزی منڈی میں آن لائن وصولی کا کوئی سسٹم نہیں۔(فوٹو عاجل)

 الاخباریہ کے مطابق حسین عبدالجبار  کا کہنا تھا کہ دمام کی سینٹرل سبزی منڈی میں آن لائن وصولی کا کوئی سسٹم نہیں۔ صرف بڑی دکانیں ہی اس فیصلے کی پابندی کررہی ہیں۔ یہ پابندی عام سبزی فروشوں کے لیے ممکن نہیں ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے قومی پروگرام کی طرف سے پھر ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹیل کا کاروبار کرنے والے تمام افراد اور ادارے آن لائن ادائیگی کی پابندی کریں تاکہ کیش کا لین دین کم سے کم ہو۔
یاد رہے کہ آن لائن ادائیگی کی سب سے پہلے پابندی پٹرول سٹیشنوں اوران کے ماتحت سروسز سینٹر، دوسرے مرحلے میں گاڑیوں کی ورکشاپس،فاضل پرزوں کی دکانوں اور متعلقہ سرگرمیوں، تیسرے مرحلے میں لانڈریز، قالین، باربر شاپس، بیوٹی پارلرز، چوتھے مرحلے میں بقالوں و اشیائے خوراک کے مراکز، پانچویں مرحلے میں ریستورانوں، قہوہ خانوں، بوفےِ کیفے ٹیریا، فوڈ ٹرکس، آئس کریم اور پھلوں کے رس فروخت کرنے والی دکانوں پر عائد کی گئی تھی۔  
 آخری مرحلے میں گوشت اور مرغی  فروشوںِ، سبزی و پھل فروشوں، بیکریوں، درزیوں، پردے و ملبوسات فروخت کرنے والوں، فرنیچرز و ڈیکوریشنز کے تاجروں، الیکٹرانک و برقی آلات کی مینٹینس و ان کی دکانوں ، آرائشی اشیا کے مراکز، گیس، تعمیراتی سامان، پلمبرز، بجلی سمیت ریٹیل کے ہر کاروبار  کو آن لائن وصولی کا پابند بنادیا گیا ہے۔ 

شیئر: