Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتھوی شا نے مجھے سینے اور بازو پر مارا: سپنا گِل

وائرل ہونے والی ویڈیو سے پتا چلا کہ پرتھوی شا کا سوشل میڈیا انفلوئنسر سپنا گِل اور ان کے دوست سے جھگڑا ہوا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹر پرتھوی شا کے دوست کی گاڑی پر حملے اور لڑائی جھگڑے کے کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق واقعے میں ملوث سوشل میڈیا سٹار سپنا گِل نے گرفتاری کے بعد عدالت میں بیان دیا ہے کہ پرتھوی شا نے انہیں مارا ہے جبکہ معافی مانگتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ پولیس میں شکایت مت کرو۔
عدالت میں کارروائی کے دوران سپنا کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ان کے بیان کو بھی سنا جائے جس کے بعد وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے پرتھوی شا نے بازو اور سینے پر مارا ہے۔ ہم وہاں پر اس وجہ سے موجود رہے کہ ہم پولیس کی مدد حاصل کر سکیں۔ وہ سات سے آٹھ لوگ تھے جبکہ ہم صرف دو تھے۔‘
سوشل میڈیا سٹار نے کہا کہ ’پرتھوی شا اور ان کے دوستوں نے اُن سے پولیس میں شکایت نہ کروانے کا کہا اور پھر وہ معافی مانگ کر وہاں سے چلے گئے۔‘
سیلفی بنوانے کے معاملے پر وہ کہتی ہیں کہ ’میں انہیں نہیں جانتی نہ میں نے انہیں کبھی دیکھا ہے، میں نے ان سے کبھی سیلفی کا نہیں کہا۔‘
23 سالہ بیٹر پر انہوں نے شراب کے نشے میں دھت ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’وہ شراب کے نشے میں دھت تھے، وہ پولیس سٹیشن کے سامنے تھے، وہ وہاں ایف آئی آر کٹوا سکتے تھے، لیکن کیونکہ وہ نشے میں تھے، اس وجہ سے اُنہیں اس کا خیال بعد میں آیا۔‘
اس کے علاوہ سپنا گِل نے پرتھوی شا اور ان سے دوست سے معاملے رفع دفع کرنے کے لیے 50 ہزار روپے لینے کے الزام کو بھی مسترد کر دیا۔
سپنا گِل کے مطابق وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پرتھوی شا کی ہوٹل میں آمد سے پہلے ہی وہاں وی آئی پی لاؤنج میں پارٹی کر رہی تھیں۔ وہ وہاں اپنے کسی بزنس مین دوست کے ساتھ ڈِنر کرنے گئی تھیں جس کے بعد یہ ناخوشگوار واقعہ ہوا۔

عدالت نے کارروائی کے بعد سپنا گِل کو 20 فروری تک پولیس کے حوالے کر دیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)

دوسری جانب عدالت نے کارروائی کے بعد سپنا گِل کو 20 فروری تک پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
خیال رہے بدھ کو کرکٹر پرتھوی شا کے دوست کی کار پر کچھ افراد کی جانب سے حملے کی خبر آئی تھی کہ پرتھوی شا اپنے دوستوں کے ہمراہ ممبئی کے فائیو سٹار ہوٹل میں موجود تھے جہاں موجود کچھ افراد نے اُن سے سیلفیاں بنوانے کا مطالبہ کیا جس پر بیٹر نے دو سیلفیاں بنوانے کے بعد مزید سے انکار کر دیا۔
پرتھوی شا کی جانب سے مزید سیلفیاں بنوانے کے انکار کے بعد اُن افراد کو غصہ آ گیا اور انہوں ںے ہوٹل کے باہر کھڑی بیٹر کے دوست کی گاڑی کے شیشوں کو بیس بال بیٹ  سے توڑ دیا۔
پرتھوی شا کے دوست کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا کہ مشتعل افراد نے ان کی کار کے شیشے توڑنے کے ساتھ ساتھ پرتھوی شا کی گاڑی کا تعاقب بھی کیا اور پھر جب گاڑی پٹرول سٹیشن پر رُکی تو وہاں ایک خاتون کی جانب سے معاملہ رفع دفع کرنے کے عوض 50 ہزار روپے بھی مانگے گئے۔
اس واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو سے پتا چلا کہ پرتھوی شا کا سوشل میڈیا انفلوئنسر سپنا گِل اور ان کے دوست سے جھگڑا ہوا ہے۔

شیئر: