Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابھی لکھیں، بعد میں بھیجیں‘، واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ نے ’شیڈیولڈ میسجز‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
پیغام بھیجنے کے لیے مناسب وقت کا انتظار کرنے والے واٹس ایپ صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ اب وہ اپنے پیغامات پہلے سے لکھ کر اپنی مرضی کے وقت پر خودکار طور پر بھیج سکیں گے۔
واٹس ایپ نے ’شیڈیولڈ میسجز‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین انفرادی اور گروپ چیٹس میں پیغامات بھیجنے کا وقت پہلے سے طے کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے 25 نومبر کو جاری کردہ باضابطہ اعلان کے مطابق صارفین 10 منٹ سے لے کر 14 دن پہلے تک پیغامات شیڈیول کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے ٹیکسٹ پیغامات کے علاوہ تصاویر اور ویڈیوز بھی مخصوص وقت پر بھیجی جا سکیں گی۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ان لوگوں کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جو کسی کو سالگرہ کی مبارک باد رات 12 بجے دینا چاہتے ہیں، کسی اہم کام کی یاد دہانی بھیجنا چاہتے ہیں یا مختلف ٹائم زونز میں موجود دوستوں اور اہل خانہ کو مناسب وقت پر پیغام پہنچانا چاہتے ہیں۔

واٹس ایپ پر پیغام کیسے شیڈیول کریں؟

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو پہلے متعلقہ انفرادی یا گروپ چیٹ کھولنی ہوگی اور اپنا پیغام لکھنا ہوگا یا تصویر اور ویڈیو منسلک کرنا ہوگی۔
اس کے بعد بھیجنے کے بٹن ’سینڈ‘ کو دبانے کے بجائے کچھ دیر تک دبائے رکھنا ہوگا، جس کے بعد صارفین کو پیغام بھیجنے کی تاریخ اور وقت منتخب کرنے کا آپشن ملے گا۔
مطلوبہ وقت منتخب کرنے اور تصدیق کرنے کے بعد پیغام خودکار طور پر مقررہ وقت پر بھیج دیا جائے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق صارفین اپنے شیڈیول کیے گئے پیغامات کی فہرست دیکھ سکیں گے اور اگر وہ اپنا ارادہ تبدیل کرلیں تو پیغام بھیجے جانے سے پہلے اسے حذف بھی کر سکتے ہیں۔
پیغام وصول کرنے والے کو یہ معلوم نہیں ہوگا کہ اسے پہلے سے شیڈیول کیا گیا تھا، کیونکہ اسے عام واٹس ایپ پیغام کی طرح ہی موصول ہوگا۔
نئے فیچر کی ایک اہم بات یہ ہے کہ مقررہ وقت پر پیغام بھیجنے کے لیے صارف کا فون آن یا انٹرنیٹ سے منسلک ہونا ضروری نہیں۔

واٹس ایپ کے مطابق شیڈیول کیے گئے پیغامات بھی دیگر ذاتی پیغامات کی طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوں گے۔(فوٹو:واٹس ایپ)

کمپنی کے مطابق اگر پیغام بھیجنے والے کا فون بند ہو یا اس کی بیٹری ختم ہو جائے تب بھی شیڈیول کیا گیا پیغام مقررہ وقت پر وصول کنندہ تک پہنچ جائے گا۔
واٹس ایپ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ شیڈیول کیے گئے پیغامات بھی دیگر ذاتی پیغامات کی طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوں گے، یعنی ان کے مواد کو صرف متعلقہ گفتگو میں شامل افراد ہی پڑھ سکیں گے۔

فیچر کب دستیاب ہوگا؟

واٹس ایپ کے مطابق شیڈیولڈ میسجز کا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دنیا بھر میں مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اس کی دستیابی مزید صارفین تک بڑھائی جائے گی۔
اس لیے ممکن ہے کہ بعض صارفین کو فی الحال اپنی ایپ میں یہ سہولت نظر نہ آئے۔

شیئر: