Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کو ’نوبیل پرائز‘ کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے، حقیقت کیا ہے؟

وزیر اطلاعات کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز وہ پہلی وزیر اعلی ہیں جنہیں نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے مدعو کیا ہے (فوٹو: مریم نواز، فیس بُک)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے وزیر اعلی مریم نواز سے متعلق دعوی کیا ہے کہ ’تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلی کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے۔‘
جمعے کو عظمی بخاری کی جانب سے کی گئی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔
وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے صحافی طارق عزیر کی ایک پوسٹ کا سکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سنا ہے طارق صاحب نے یہ جھوٹی خبر ڈلیٹ کردی ہے، لیکن افسوس ہے بنا تحقیق باتیں کردی جاتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پہلی بات جہاز کے لئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے دوسرا وزیر اعلی کسی فیملی کے ہمراہ ہانگ کانگ نہیں جا رہیں، نہ ہی نجی دورہ ہے، پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلی کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے۔‘
ان کے مطابق ’جھوٹے شورشرابے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ خالی برتن زیادہ بجتا ہے اور ملک کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق باقی تمام جہازوں کی طرح آپریشن اور مینٹینسس پاک فضائیہ کے ذمہ ہے انہی جھوٹی خبروں کی وجہ سے نوٹس دینے پڑتے ہیں۔‘
اس سے قبل صحافی طارق عزیز نے ایک پوسٹ میں دعوی کیا تھا کہ ’وزیر اعلی مریم نواز اپنے دورہ ہانگ کانگ کے لیے ’گلف سٹریم جی 500 جہاز لے جانے کی خواہش مند ہیں۔‘
عظمی بخاری کی اس پوسٹ پر صحافی اور تجزیہ کار ماجد نظامی نے ری پوسٹ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ’’پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلی کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے۔‘ آنریبل منسٹر اس سفید جھوٹ پر کس کو نوٹس جانا چاہیے؟ ’نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ‘ کے ’نوبیل پرائز‘ سے تعلق پر رہنمائی فرما کر شکریہ کا موقع دیں۔‘
ماجد نظامی کے اس سوال پر وزیر اطلاعات نے واپس جواب دیا اور لکھا کہ ’آپ نے ’سفید جھوٹ‘ کا الزام لگا کر بڑا شوشہ چھوڑا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ’نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ‘ خود نوبیل خاندان کے افراد نے قائم کیا ہے، جو سوئٹزرلینڈ میں رجسٹرڈ آزاد فاؤنڈیشن ہے۔ اس کے چیئرمین پیٹر نوبیل نے وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کو سرکاری طور پر ہانگ کانگ میں ہونے والے 2026 سسٹین ایبلٹی سمٹ اور ایوارڈ گالا میں خطاب کی دعوت دی ہے۔‘
’یہ دعوت پنجاب کی ٹیکنالوجی پر مبنی سموگ کنٹرول، جنگلات، وائلڈ لائف اور ماحولیاتی اقدامات کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہے۔ پہلی بار کسی پاکستانی وزیرِاعلیٰ کو نوبیل خاندان سے منسلک اس عالمی پلیٹ فارم پر سرکاری دعوت ملی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ ’نوبیل پرائز‘ اور ’نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ‘ کے درمیان تکنیکی فرق کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں تاکہ اس حقیقی بین الاقوامی اعتراف کو کم کر سکیں۔ خالی برتن زیادہ بجتے ہیں۔ جو کام ہو رہا ہے وہ نظر آرہا ہے، اور دنیا بھی اسے دیکھ رہی ہے۔ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو نوٹس دینے کی بات آپ خود کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت کو جھٹلانے کی کوشش ہی اصل مسئلہ ہے۔‘
صحافی ماجد نظامی نے عظمی بخاری کے اس جواب پر دوبارہ ردعمل دیا اور لکھا کہ ’اسی لیے انہوں نے وضاحت کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر ’نوبیل انعام‘ اور ’نوبیل سسٹین ایبلٹی ایوارڈ‘ کے درمیان فرق واضح کیا ہے اور بتایا ہے کہ دونوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں تاکہ کسی ملک کے حکومتی احباب خوش فہمی یا غلط فہمی کا شکار ہو کر ’سسٹین ایبلٹی ایوارڈ‘ کو نوبیل انعام نہ سمجھ بیٹھیں۔
 بعد ازاں صحافی طارق عزیز نے ایک اور پوسٹ میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے دورہ ہانگ گانگ کے حوالے سے مجھے ابھی حکومت پنجاب کی طرف سے تفصیلی تصدیق موصول ہوئی ہے جس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق زرعی نظام کی ترقی، سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات، پائیدار ٹرانسپورٹ اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ’نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ‘ کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے۔‘

’نوبیل پرائز‘ اور ’نوبیل سسٹین ایبلٹی ایوارڈ‘ میں کیا فرق ہے؟

’نوبیل پرائز‘ اور ’نوبیل سسٹین ایبلٹی ایوارڈ‘ دو الگ اعزازات ہیں۔ نوبیل پرائز الفریڈ نوبیل کی وصیت کے تحت 1901 سے دیا جا رہا ہے جبکہ نوبیل سسٹین ایبلٹی ایوارڈ کا اجرا 2022 میں نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے کیا۔ یہ الگ ادارہ ہے جس کا نوبیل فاؤنڈیشن یا نوبیل پرائز کے انتظامی ڈھانچے سے کوئی تعلق نہیں۔
سسٹین ایبلٹی ایوارڈ ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

شیئر: