ایپل کے آئندہ ’آئی فون 18‘ اور ’آئی فون ایئر 2‘ کے مبینہ ڈمی ماڈلز کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دونوں فونز کے ڈیزائن سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
نئی تصاویر میں خاص طور پر ’آئی فون ایئر 2‘ کے پچھلے حصے میں ایک کے بجائے دو کیمرے دکھائی دیے ہیں۔
ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ ’فوربز‘ کے مطابق معروف لیکر سونی ڈکسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دونوں فونز کے مبینہ ڈمی ماڈلز کی تصاویر شیئر کی ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایپل اپنے نئے فونز کے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کرنے جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں
سونی ڈکسن کے مطابق عام ’آئی فون 18‘ کا ڈیزائن موجودہ ’آئی فون 17‘ سے ملتا جلتا ہوگا۔ اس کے پچھلے حصے میں پہلے کی طرح عمودی ترتیب میں دو کیمرے ہوں گے، جبکہ اس کی سکرین کا سائز بھی 6.3 انچ رہنے کا امکان ہے۔
تاہم ’آئی فون 18‘ کے ’ڈائنامک آئی لینڈ‘ کے سائز سے متعلق ابھی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں موجودہ ماڈل جیسا ڈائنامک آئی لینڈ برقرار رہے گا، جبکہ ’آئی فون 18 پرو‘ میں اس کا سائز کم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب نئے ’آئی فون ایئر 2‘ کے ڈیزائن میں زیادہ نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ سونی ڈکسن کی شیئر کردہ تصاویر میں اس فون کے پچھلے حصے میں ایک کے بجائے دو کیمرے دکھائی دے رہے ہیں، جو افقی ترتیب میں نصب ہیں۔
مختلف رپورٹس کے مطابق دوسرا کیمرا ’الٹرا وائیڈ‘ ہو سکتا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ وسیع زاویے سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی سہولت ملے گی۔ تاہم اس کیمرے کی حتمی خصوصیات کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔
First look at the iPhone 18 Air and iPhone 18 dummy units. The biggest change is the iPhone 18 Air, which now features two rear cameras instead of one, while the standard iPhone 18 retains a design similar to the iPhone 17. https://t.co/MdOVuwPlm3
— Sonny Dickson (@SonnyDickson) November 20, 2026











