لائیو: ایک صوبہ پورے ساز و سامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہوا: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ’پچھلے دنوں احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کے لوگ پکڑے گئے جو پنجاب اور اسلام آباد پولیس پر حملہ کر رہے تھے۔‘
بدھ کو لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ’احتجاج کے لیے لوگوں کو خیبرپختونخوا سے لانا پڑتا ہے۔ خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کا استعمال کیا گیا اور ان کے پولیس اہلکار ابھی بھی اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئے روز احتجاج ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ جلا دو، تباہ کر دو آگ لگا دو، ہم دنیا کو ملک کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں۔ ان کی اقتدار کی ہوس میں ایک ماں کا بیٹا شہید ہو گیا۔‘
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس شروع ہونے والا ہے تو ہم دنیا کو کیا چہرہ دکھائیں گے۔ ہم اپنا یہ چہرہ دکھاتے ہیں کہ ایک صوبہ پورے سازوسامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہو رہا ہے کیونکہ مہنگائی کم ہو رہی ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’انہیں سیاسی سموگ پھیلانے کی کوشش میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چینی باشندوں کے کانوائے پر ہونے والے خود کش حملے کا مقدمہ درج
کراچی ائیرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر ہونے والے خود کش حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں چینی باشندوں کے سکواڈ کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کی ذمےداری کالعدم تنطیم بی ایل اے نے قبول کی۔
متن میں کہا گیا ہے کہ حملہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا جس میں دو 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد مارے گئے ۔
دھماکے میں 15 گاڑیاں متاثر ہوئیں، ایک پولیس موبائل بھی تباہ ہوئی، حملے میں رینجرز اہلکار حبیب اللہ زخمی ہوا۔
-----------------------
کرپشن کیس، نیب کا پرویز الٰہی کے خلاف ’بڑی ریکوری‘ کا دعویٰ
قومی احتساب بیورو (نیب) نے تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کے خلاف کرپشن کیس میں ’بڑی ریکوری‘ کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان نیب لاہور کے مطابق نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان کے خلاف کیس میں ریکوری کرکے رقم پنجاب حکومت کے حوالے کر دی۔ تاہم پرویز الہی نے نیب کے دعوے کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے کر کہا ہے کہ نیب نے سینکڑوں سرکاری ملازمین کو اغوا اور مار پیٹ کر کے پلی بارگین کی ہے۔
نیب ترجمان کے مطابق ریکوری سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف ٹھیکوں میں کک بیکس کیس میں ہوئی۔
ڈپٹی چیئرمین نیب نے 3 کروڑ 68 لاکھ روپے کا چیک پنجاب حکومت کے حوالے کیا۔ بیان کے مطابق ایک کروڑ 72 لاکھ روپے سابق چیف فنانشل آفیسر اکرام نوید سے پلی بارگین میں وصول کیے گئے۔
تاہم پرویز الہی کے ایک بیان میں کہنا تھا کہ جو پیسے دیے گئے ہیں ان کو میرے ساتھ خوامخواہ منسلک کیا جا رہا ہے۔
’یہ سارا جھوٹ کا پلندا ہے، نہ تو میں نے کرپشن کی ہے اور نہ ہی میں نے کوئی پلی بارگین کی ہے‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خلاف 25 جعلی کیس بنے، یہ مزید 25 کیس اور بھی بنا لیں میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔‘
بجلی کی پیدوار اور خرید کے لیے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان میں بجلی کی پیدوار اور خرید کے لیے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔
بدھ کو ہوئے اس اجلاس میں کابینہ کی کمیٹی نے انڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر آئی ایس ایم او کی تشکیل کی اصولی منظوری دے دی جس کی کابینہ سے توثیق کی جائے گی۔
آئی ایس ایم او حکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کرکے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈپینڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا۔
اس ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی۔
...................................................
لبنان اور شام سے 79 پاکستانیوں کی خصوصی پرواز سے واپسی
لبنان اور شام میں پھنسے 79 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ چکے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ان پاکستانی شہریوں کو لبنان سے وطن واپس لایا گیا جو سڑک کے ذریعے شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے تھے اور ان میں شام سے آنے والے چار پاکستانی بھی شامل ہیں۔
لبنان اور شام میں پاکستانی سفارتخانوں کی جانب سے ان کی سیؤکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا تھا تاکہ لبنان سے خوش اسلوبی سے انخلاءؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔
...................................................
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ترسیلات زر کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ستمبر میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر ہر سال اضافے کے بعد 29 فیصد بڑھ گئی ہیں۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زر کی مد میں مجموعی طور پر 8.8 ارب ڈالر کی رقم آئی جس کے نتیجے میں پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 38.8 فیصد بڑھ گئی ہیں۔
...................................................
پشاور میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال، انٹرنیٹ سست روی کا شکار
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں موبائل سروس بحال ہو گئی ہے تاہم انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار ہے۔
آج صبح پشاور اور ضلع خیبر میں موبائل سگنلز معطل کیے گئے تھے۔
اردو نیوز کے رپورٹر کے مطابق بعض علاقوں میں موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ ڈیٹا کام نہیں کر رہا۔
موبائل انٹرنیٹ سروس بندش کے وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث موبائل نیٹ ورک معطل کیا گیا۔