Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں ساحلی سیاحت کو منظم کرنے کے لیے ڈیجیٹل گائیڈ متعارف

ڈیجیٹل گائیڈ کا مقصد ساحلی سیاحت کے شعبے کی ترقی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریڈ سی اتھارٹی نے ساحلی سیاحت کی سرگرمیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک نئی گائیڈ یا رہنما اصول متعارف کرائے ہیں جو اطلاعات، ضابطوں اور طریقِ کار کو یکجا کر کے ایک ڈیجیٹل ریفرنس کی شکل اختیار کر لیں گے۔
ریڈ سِی اتھارٹی نے بتایا کہ نئی گائیڈ سے مستفید ہونے والوں کے لیے تمام اصول و ضوابط ایک جگہ پر اپ ڈیٹیڈ شکل میں دستیاب ہوں گے۔ اس میں شرائط اور ایپلی کیشن کے طریقۂ کار کا بھی اندراج ہوگا۔
ضرورت کے وقت صارفین، سمارٹ لنکس استعمال کرتے ہوئے متعلقہ حکومتی اداروں کے سرکاری پلیٹ فارمز تک پہنچ سکیں گے۔
اس سہولت سے تاخیر کا دورانیہ کم ہو جائے گا اور بقول ریڈ سِی اتھارٹی اس عمل سے ان پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے والوں کو نہ صرف ایک مربوط نظام ملے گا بلکہ اُن کا ڈیجیٹل تجربہ بھی زیادہ قابلِ اعتبار ہوگا۔
اس گائیڈ میں ایک حصہ اکثر پوچھے جانے والے سوالات کے جواب پر مشتمل ہوگا جبکہ کہیں کہیں مشاورت اور نصیحت کے لیے نوٹس بھی درج ہوں گے کہ کن سرگرمیوں کی اجازت ہے اور کن کی نہیں۔
ساحلی سیاحت کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے تیار کی گئی اس گائیڈ میں پہلے مرحلے پر کشتی رانی اور پانی کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ کشتیوں کے شیڈیول بالخصوص وہ کب اپنے ٹھکانے سے روانہ ہوں گی اور کب واپس پہنچیں گی کو خاص طور پر مدِ نظر رکھا جائے گا۔

اس میں ضروری دستاویزات، لائسنس کے طریقۂ کار، سرگرمیوں کو مربوط رکھنے کے لیے باضابطہ ایجنٹس کے ذریعے داخلے کے مقام اور منظور شدہ آبی سیاحت کی خدمات فراہم کرنے والوں کی فہرستیں موجود ہوں گی۔
اس کے علاوہ گائیڈ میں حفاظتی اقدامات، ماحولیاتی پائیداری کے اصولوں اور طریقِ کار کا ذکر بھی ہوگا۔ فِیڈ بیک دینے اور شکایات کے اندراج اور تازہ ترین ضابطوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔
سرکاری اہلکاروں کے مطابق آبی سیاحت کے لیے رہنما اصولوں کا آغاز ریڈ سِی اتھارٹی اور اس کے شراکت دار محکموں کے درمیان مفصل رابطوں کا آئینہ دار ہے۔

اس کا مقصد ساحلی سیاحت کے شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع بہتر بنانا اور سعودی وژن 2030 کے مقاصد پورے کرنے کے لیے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کرنا شامل ہے۔
توقع ہے یہ رہنما اصول ایک ایسے ڈیجیٹل ریفرنس میں تبدیل ہو جائیں گے جو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے قانونی عمل اور ضوابط کی پیچیدگیوں کو نسبتاً آسان بنا دیں گے۔
اس کے علاوہ گائیڈ میں سیاحوں کے ذہن میں پیدا ہونے والے کلیدی سوالات کا جواب ہوگا اور مملکت بھر میں ساحلی سیاحت میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے واضح اور براہِ راست اطلاعات بھی موجود ہوں گی۔

 

شیئر: