Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی دفاعی وفد کا پاکستانی دفترِخارجہ کا دورہ، باہمی تعلقات اور علاقائی سلامتی پر بریفنگ

سعودی وفد کے سربراہ نے دفترِخارجہ کی جانب سے شاندار میزبانی اور جامع بریفنگ پر شکریہ ادا کیا (فوٹو: دفتر خارجہ)
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات کی کڑی کے طور پر سعودی عرب کے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے 15 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے اسلام آباد میں دفترِخارجہ کا دورہ کیا۔
جمعے کو ہونے والا یہ دورہ سعودی وفد کے پاکستان کے مطالعاتی دورے کا حصہ ہے جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی اور عسکری ہم آہنگی کو مزید تقویت دینا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) سید احمد معروف نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس نشست کے دوران جہاں دوطرفہ تعاون کے مستقبل پر بات چیت ہوئی، وہیں ایک انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں وفد کے ارکان نے خطے کی صورتحال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وفد کے سربراہ نے اس موقعے پر دفترِ خارجہ کی جانب سے شاندار میزبانی اور جامع بریفنگ پر شکریہ ادا کیا۔
دورے کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

شیئر: