سنگاپور سے امارات تک: وہ عوامل جو کسی ملک کے پاسپورٹ کو طاقتور بناتے ہیں؟
سنگاپور سے امارات تک: وہ عوامل جو کسی ملک کے پاسپورٹ کو طاقتور بناتے ہیں؟
جمعرات 15 جنوری 2026 16:57
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
جاپان کا پاسپورٹس رکھنے والے شہری 188 ممالک میں ویزا فری داخل ہو سکتے ہیں (فوٹو: پکسابے)
اگر آپ بغیر کسی مشکل کے سفر کرنا چاہتے ہیں، اچانک چھٹی یا فوری کاروباری دورہ آپ کے لیے معمول کی بات ہے تو ایسی صورتحال کے لیے آپ کا پاسپورٹ بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
دنیا کے معتبر ادارے ’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ نے سنہ 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کن ممالک کے شہری زیادہ آزادی کے ساتھ دنیا بھر میں سفر کر سکتے ہیں۔
یہ فہرست ایئرلائنز اور بارڈر کنٹرول کے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ اس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کسی ملک کے شہری کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزا، ویزا آن ارائیول یا الیکٹرانک اجازت کے ساتھ داخل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جتنی زیادہ ویزا فری رسائی ہو، پاسپورٹ اتنا ہی طاقتور سمجھا جاتا ہے۔
مسافروں کے لیے ویزا فری سفر کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اس سہولت سے نہ سفارت خانوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں نہ لمبی کاغذی کارروائی اور نہ اضافی فیس ادا کرنی ہوتی ہے۔ مضبوط پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے آخری وقت پر سفر کا منصوبہ بنانا بھی آسان ہو جاتا ہے، چاہے وہ سیر و تفریح ہو یا بزنس ٹرپ۔
’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کے مطابق سنگاپور مسلسل تیسرے سال دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا ملک ہے۔ سنگاپور کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ اگرچہ گزشتہ برس کچھ ممالک تک رسائی کم ہوئی تاہم مجموعی طور پر اس کی پوزیشن برقرار رہی۔
دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں۔ ان دونوں ممالک کے پاسپورٹس رکھنے والے شہری 188 ممالک میں ویزا فری داخل ہو سکتے ہیں۔ مضبوط سفارتی تعلقات اور عالمی اعتماد ان ممالک کے شہریوں کے لیے سفر کو آسان بناتے ہیں۔
فرانس کا پاسپورٹ چوتھے نمبر پر ہے (فوٹو: پکسابے)
تیسرے نمبر پر یورپ کے پانچ ممالک ڈنمارک، لکسمبرگ، سپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، جہاں کے شہری 186 ممالک تک بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد چوتھے نمبر پر نو یورپی ممالک ہیں، جن میں فرانس، جرمنی اور نیدرلینڈز شامل ہیں اور ان کے پاسپورٹس 185 ممالک میں ویزا فری رسائی دیتے ہیں۔
پانچویں نمبر پر ہنگری، پرتگال، سلوواکیہ، سلووینیا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہری 184 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر یو اے ای کی کارکردگی قابلِ ذکر ہے جس نے گزشتہ دو دہائیوں میں بڑی تیزی سے اپنی سفری رسائی میں اضافہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آج کے دور میں پاسپورٹ کی طاقت صرف عزت یا حیثیت کی بات نہیں بلکہ یہ بہتر مواقع، آسان سفر اور عالمی سطح پر زیادہ آزادی کی علامت بن چکی ہے۔