سعودی ولی عہد سے نوبیل انعام یافتہ پروفیسر عمر یاغی کی ملاقات
شہزادہ محمد بن سلمان نے نوبیل انعام جیتنے پر انہیں مبارکباد دی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کو ریاض میں نوبیل انعام یافتہ سعودی سائنسدان پروفیسرعمر یاغی کا خیرمقدم کیا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نوبیل انعام جیتنے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پروفیسر عمر یاغی نے اس ملاقات اور ان کے ریسرچ ورک میں ملنے والے تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے سعودی سائنسدان پروفیسر عمر بن یونس یاغی، جاپانی سائنسدان سوسومو کیٹاگاوا اور آسٹریلوی سائنسدان رچرڈ روبسن کو مشترکہ طور پر نوبیل انعام برائے کیمسٹری 2025 سے نوازا گیا تھا۔
یہ اعزاز ان کی ان انقلابی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے جو انہوں نے میٹَل، آرگینِک فریم ورکس (MOFs) کی تیاری اور ترقی میں انجام دی ہیں۔
یہ ایسی مرکباتی ساختیں ہیں جو دھاتوں اور نامیاتی عناصر کو ایک ساتھ ملا کر نہایت باریک جال دار ڈھانچے بناتی ہیں اور ان میں وسیع مسامات پائے جاتے ہیں۔

پروفیسر عمر یاغی نے اپنی تحقیق کے ذریعے ایسے مواد تیار کیے ہیں جو ہوا سے پانی کشید کرنے، آلودہ پانی صاف کرنے، کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور ہائیڈروجن ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ ایجادات پائیدار توانائی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
