جازان میں تحفظِ ماحولیات مہم کے تحت شجرکاری منصوبے
مختلف مقامات پر 5.2 ملین سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
گورنرجازان شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے شہزادہ سلطان سماجی سینٹر میں زرعی منصوبے کا افتتاح کیا جس کے تحت ریجن میں 2.5 ملین پودے لگائے جائیں گے۔
سبق نیوز کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سرسبز سعودی عرب مہم مملکت کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ جس کا مقصد ساحلی و دیگر مقامات پر سبزے میں اضافہ کرنا ہے۔
اس ضمن میں نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن ڈیولپمنٹ اینڈ ڈیزرٹیفیکیشن کے ریجنل ڈائریکٹرخالد الحازمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحفظ ماحول کے لیے سبزے کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ ماحول کا توازن برقرار رکھنے کے لیے سبزے کا وجودہ انتہائی اہم ہے۔
الحازمی نے بتایا کہ جازان ریجنل سینٹر سبزے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سنجیدگی سے منصوبے پرعمل پیرا ہے جس کے تحت اب تک مختلف مقامات پر 5.2 ملین سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔
بعدازاں گورنر جازان کو ان منصوبوں کے بارے میں دستاویزی فلم دکھائی گئی جس کے تحت پہلے مرحلے میں دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں ساحلی علاقے میں 5 لاکھ کے قریب مینگروو پودے لگائے جائیں گے۔