پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا، پہلا روزہ کل بروز جمعرات ہوگا
سپارکو نے یہ معلومات پہلے دے دی تھیں کہ بدھ کو رمضان کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے، پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو ہوگا۔
یہ اعلان بدھ کی شام مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کیا۔
قبل ازیں پشاور بدھ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ’ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگا۔‘
ان کے مطابق ’چاند دیکھنے کے لیے سپارکو اور محکمہ موسمیات کے حکام کی معاونت بھی حاصل کی گئی۔‘
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی طرح صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے جن میں چاند نظر آنے کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی خلائی تحقیق کے قومی ادارے سپارکو نے پہلے ہی یہ معلومات دے دی تھیں کہ ملک میں بدھ کو رمضان کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔
