نجدی طرزِ تعمیر: الدرعیہ میں تاریخی ’مسجد العودہ‘ کی تعمیر نو مکمل
سعودی عرب میں تاریخی و قدیم مساجد کی تعمیرِ نو اور بحالی کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے کے تحت الدرعیہ کمشنری میں ’مسجد العودہ‘ کی تعمیرنو کا کام مکمل کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مسجد العودہ کی توسیع بھی کی گئی جس سے اس کا مجموعی رقبہ 1369.82 مربع میٹر ہو گیا۔
توسیع و تعمیر نو سے قبل مسجد کا رقبہ 794 مربع میٹر تھا۔ مسجد کی توسیع کے بعد نمازیوں کی گنجائش 510 سے بڑھ کر 992 ہو گئی ہے۔
الدرعیہ کمشنری کے العودہ ڈسٹرکٹ میں وادی حنیفہ کے مغربی جانب واقع ’مسجد العودہ‘ علاقے کی قدیم ترین مسجد ہے۔
ابتدائی دورمیں مسجد کی تعمیر چکنی مٹی سے کی گئی تھی جبکہ منارے پتھروں سے بنائے گئے تھے۔
نجدی طرزِ تعمیر کی اس مسجد کے جنوبی جانب مربع شکل کا مینار ہے جس کے ساتھ مسجد میں داخل ہونے کا راستہ بھی موجود ہے۔

دوسرا دروازہ مشرقی جانب ہے جبکہ شمالی جانب کی دیوار کے ساتھ متعدد مکانات تھے۔
ماضی میں یہ مسجد علاقے کی جامع مسجد ہوا کرتی تھی جہاں جمعے کی نماز باقاعدگی سے ادا کی جاتی۔ شیخ عبدالعزیز السیاری یہاں کے خطیب تھے۔

مسجد کو 30 برس کے بعد ازسرنو تعمیر کیا گیا تاہم اس بات کا خیال رکھا گیا کہ مسجد کی قدیم شناخت اور اس کی تاریخی اہمیت برقرار رہے۔
واضح رہے یہ منصوبہ سعودی عرب کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مساجد کی تاریخی اور مدہبی اہمیت بڑھانے کے لیے وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔
