تاریخی اور قدیم مساجد کی بحالی، سعودی طلبا کےلیے تربیتی پروگرام
        
        
                        
                
                    
                                                    
                                
                                                                    
                                        
                                             دوسرے بیج کےلیے مزید 15 طلبا و طالبات کا انتخاب کیا جا چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)                                        
                                    
                                
                             
                                             
                             
            
			
	
	       
	
				
            
                 شہزادہ محمد بن سلمان کا پروگرام برائے تعمیرِ نو تاریخی و قدیم مساجد کے تحت 15 سعودی طلبا و طالبات نے ابتدائی تربیتی کورس مکمل کرلیا۔
طلبا کے گروپ کو عہدِ قدیم میں طرز تعمیر اور اس کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کی تیاری اور ان کے ذریعہ عمارتوں کی تعمیر کی تربیت دی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ثقافتی کمیشن اور رائل کالج فار ہیریٹیج آرٹ کے اشتراک سے سعودی طلبا کو قدیم فنِ تعمیر کی ٹریننگ دی گئی جو 6 ماہ پرمشتمل ہے۔
ابتدائی بیج میں 15 سعودی طلبا اور طالبات شریک ہوئے جنہیں تعمیر کے لیے استعمال ہونے والی لکڑی کی تیاری اور گارے و مٹی کے لیپ سے بنائی گئی اینٹوں سے دیوار بنانے کے فن کے حوالے سے مکمل عملی تربیت ماہر انجینئرز کی زیر نگرانی فراہم کی گئی۔
رائل کالج میں دوسرے بیج کےلیے مزید 15 طلبا و طالبات کا انتخاب کیا جا چکا ہے جن کی عملی تربیت کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ ٹریننگ سال 2026 کے ابتدا میں مکمل ہو جائے گی۔
شہزادہ محمد بن سلمان کا پروگرام برائے تعمیرِ نو قدیم و تاریخی مساجد کی اسی طرز پرتزئین نو کے لیے مقامی نوجوانوں کو اس فن میں ماہر بنانا ہے تاکہ قومی ورثے کو نمایاں کرتے ہوئے اس کام میں مقامی افراد کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔

تربیتی کورس کے دو زمرے ہیں جن میں پہلا ثقافتی و روایتی طرز تعمیر کا ہے جس میں شریک طلبا کو گارے اور چکنی مٹی کے استعمال کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہیں گارہ بنانے اور اسے استعمال کرنے کےلیے درکار آلات کے بارے میں بھی مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

کورس کے دوسرے مرحلے میں نجدی دروازوں کی صنعت کے فن سے طلبا کو روشناس کیا جاتا ہے جس میں روایتی لکڑی کے دروازوں کو عہدِ رفتہ میں مقامی کشادہ کاری کرنے کےطریقے سیکھائے جاتے ہیں۔
واضح رہے شہزادہ محمد بن سلمان کا منصوبہ برائے قدیم وتاریخی مساجد کی تعمیر و تزئین  کے پہلے مرحلے میں مملکت کے دس علاقوں میں 30 مساجد جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت 13 علاقوں میں 30 مساجد کی تعمیرِ نو و تزئین و آرائش کی جائے گی جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔
