پھیپھڑوں کے کینسر کی چھ ایسی غیرمعمولی علامات جنہیں جاننا ضروری ہے
پھیپھڑوں کے کینسر کی چھ ایسی غیرمعمولی علامات جنہیں جاننا ضروری ہے
پیر 23 فروری 2026 12:33
ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے سرطان کی سب سے بڑی وجہ ہے (فوٹو: فرنٹیئرز)
پھیپھڑوں کا کینسر دنیا بھر میں سرطان سے ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحتکے تحت کام کرنے والی انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق سال 2022 میں پھیپھڑوں کا سرطان دنیا بھر میں سب سے زیادہ تشخیص کیا جانے والا کینسر رہا۔
ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے سرطان کی سب سے بڑی وجہ ہے اور تقریباً 85 فیصد کیسز اسی سے منسلک ہیں۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ زیادہ تر مریضوں میں اس بیماری کی تشخیص اُس وقت ہوتی ہے جب کینسر اپنی آخری یا ایڈوانس سٹیج میں داخل ہو چکا ہوتا ہے، جس کے باعث علاج محدود یا کم مؤثر رہ جاتا ہے۔
اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ابتدائی علامات اکثر معمولی، غیر واضح یا پھیپھڑوں کے مسائل سے متعلق نہیں ہوتیں۔ ان علامات کو بروقت پہچان کر مریض جلد تشخیص اور بہتر علاج کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انگلیوں یا پاؤں کے سروں کا چوڑا ہونا اور ناخنوں کا اوپر کی جانب مڑے ہوئے چمچ جیسے انداز میں بدل جانا فنگر کلبنگ کہلاتا ہے۔ یہ کیفیت خون میں آکسیجن کی کمی کے باعث پیدا ہوتی ہے، جو پھیپھڑوں میں رسولی کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔ بالغ افراد میں کلبنگ کی بڑی وجہ پھیپھڑوں کا کینسر بتایا جاتا ہے۔
2۔ کندھے یا بازو میں درد
کندھے، بازو یا کلائی کی اندرونی جانب دیرپا درد پین کوسٹ ٹیومر کی علامت ہو سکتا ہے۔ یہ ایک نایاب قسم ہے جو پھیپھڑے کے اوپری حصے میں بنتی ہے اور اعصاب پر دباؤ ڈالتی ہے۔
3۔ آواز میں بھاری پن
چہرے، گردن یا بازو میں اچانک سوجن ہونا سپیریئر وینا کیوا کے دباؤ کی علامت ہے (فوٹو: میڈی کیئر)
چند ہفتوں تک جاری رہنے والی بھاری آواز اس وقت پیدا ہوتی ہے جب رسولی آواز کی رگوں کو قابو کرنے والے اعصاب پر دباؤ ڈالتی ہے۔
4۔ بالائی جسم میں سوجن
چہرے، گردن یا بازو میں اچانک سوجن ہونا سپیریئر وینا کیوا کے دباؤ کی علامت ہے، جو عموماً پھیپھڑوں کے چھوٹے خلیوں والے سرطان میں دیکھا جاتا ہے۔
5۔ ہارنر سنڈروم
آنکھ کی پتلی کا سکڑ جانا، پلک کا لٹک جانا اور چہرے کے ایک جانب پسینہ نہ آنا اس سنڈروم کی اہم نشانیاں ہیں، جو اعصاب کو نقصان پہنچنے سے پیدا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان علامات کی فوری تشخیص مریض کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے (فوٹو: پارک وے کینسر سنٹر)
6۔ حد سے زیادہ پیاس اور پیشاب
خون میں کیلشیئم کی زیادتی پھیپھڑوں کے کچھ سرطانوں میں دیکھی جاتی ہے، جس سے مریض غیر معمولی پیاس، بےچینی اور اُلجھن محسوس کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان علامات کو سنجیدگی سے لینا اور فوری تشخیص کروانا مریض کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔