Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رات کو دیر سے سونے والوں کے لیے وزن کم کرنا مشکل کیوں ہوتا ہے؟

ڈاکٹر کے مطابق اگر کوئی دیر تک جاگتا رہتا ہے تو جسم تناؤ کی حالت میں رہتا ہے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
اگر آپ رات کو اکثر دیر سے سو رہے ہیں تو وزن کم کرنے کی آپ کی تمام کوششیں بے اثر ہو سکتی ہیں، یا پھر ریورس بھی ہو سکتی ہیں، یعنی کم ہونے کے بجائے آپ کا وزن بڑھ سکتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق وزن میں کمی کے بارے میں بات کرتے وقت زیادہ تر لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ بنیادی چیز ڈائیٹ یعنی غذا اور ورزش ہیں۔ لیکن بہت سے لوگ ایک اور اہم عنصر کو نظر انداز کرتے ہیں، اور وہ ہے نیند۔ خاص طور پر اس کا وقت اور دورانیہ۔
ہو سکتا ہے آپ سب کچھ ٹھیک کر رہے ہوں، اچھی اور مناسب غذا وقت پر کھا رہے ہوں اور کبھی ورزش ترک نہ کرتے ہوں، مگر پھر بھی آپ کا وزن کم ہونے سے انکاری ہے۔ یا اس کے اُلٹ ہے یعنی وزن بڑھ رہا ہے تو پھر آپ وہی غلطی کر رہے ہیں۔
یہ غلطی خاموشی سے تمام کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
جوپیٹر ہسپتال کے انٹرنل میڈیسن کے ڈائریکٹر فزیشن ڈاکٹر امیت صاراف نے بتایا کہ کس طرح دیر سے سونا، خاص طور پر آدھی رات کے وقت بستر پر جانا، میٹابولزم، ہارمون کے توازن، ہاضمے، اور مجموعی وزن میں کمی کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتا ہے۔
یہ اُن لوگوں پر بھی اثرانداز ہوتا ہے جو خوراک اور ورزش کے معمولات پر نظم و ضبط کے تحت عمل کرتے ہیں۔
رات 11 بجے کے بعد سونے سے وزن کیوں متاثر ہوتا ہے؟
وزن میں کمی عام طور پر کیلوریز کو جلانے سے ہوتی ہے۔ دیر سے سونے سے جسم کے قدرتی حیاتیاتی نظام میں بہت زیادہ مداخلت ہوتی ہے۔
اس حیاتیاتی نظام کو وقت کے تناظر میں بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر امیت صاراف نے وضاحت کی کہ ’رات ساڑھے دس کے بعد یہ آہستہ آہستہ ایک قدرتی ہاضمے کی سست روی کے مرحلے میں چلا جاتا ہے۔‘

بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ مناسب غذا سے وزن کم کیا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)

ڈاکٹر کے مطابق اگر کوئی دیر تک جاگتا رہتا ہے تو جسم تناؤ کی حالت میں رہتا ہے جو کورٹیسول کو بڑھاتا ہے۔
کورٹیسول تناؤ کا ہارمون ہے۔ ہنگامی صورتحال میں یہ جسم کو توانائی محسوس کرنے میں مدد کرتا ہے تاکہ فوری ردعمل ظاہر کر سکے۔ تاہم ایسا کرنے کے لیے یہ عارضی طور پر عام میٹابولک عمل میں خلل ڈالتا ہے۔
ڈاکٹر صاراف نے مزید کہا کہ ’جب رات کو کورٹیسول زیادہ رہتا ہے تو چربی کا ذخیرہ ہونا آسان ہو جاتا ہے اور چربی کو جلانے کا عمل آہستہ ہو جاتا ہے، چاہے کھانا کتنا ہی صحت بخش کیوں نہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ جو لوگ اچھی اور مناسب غذا بھی کھاتے ہیں وہ تب بھی وزن کم کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔‘

 

شیئر: